جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج ’’ ایل جی ملاقات‘‘ آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے لوگوں سے بات چیت کی اور ان کی شکایات سنیںلیفٹیننٹ گورنر نے شکایات کا اَزالے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا،’’ شہریوں کی شکایات کا بروقت اَزالہ ہماری اوّلین ترجیح ہے اور اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ’’ ایل جی ملاقات‘‘ ایک مؤثر ذریعہ ہے ۔‘‘اُنہوں نے ہمارے متحرک معاشرے کے ہرطبقے کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے ضلعی سطح پر سکیموں کی تال میل اور نگرانی پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ یہ چیلنجوں اور مواقع کا ایک نیا دور ہے اور ہر شہری کو قوم کی تعمیر میں اَپنا حصہ اَدا کرنے کے لئے بااختیار بنایا جانا چاہیے۔‘‘ضلع ترقیاتی کمشنر جموں نے چیئرمین کو جموں کے ایک شکایت کنندہ کی جانب سے تجاوزات کے حوالے سے شکایت پر اِس معاملے سے آگا ہ کیا اور کہا کہ ریونیو ریکارڈ سے تصدیق کے بعد اِس مسئلے کو جلد ہی حل کیا جائے گا۔اَپنے گائوں میں موجود تالاب کی صفائی سے متعلق کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والے انور حسین کی شکایت پر لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے علاقے کے صاف اور آلودگی سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لئے مکینوں کی اِجتماعی کوششوں کو متاثر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایس ایم سی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ڈمپنگ یارڈ سے تیز بد بو کی وجہ سے ہونے والی تکلیف کے بارے میں محترمہ سمینہ مفتی کی شکایت رجسٹر کا فوری حل تلاش کریں۔اُنہوں نے سینئر اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ زراعت اور اس سے منسلک شعبے کے جامع زرعی ترقیاتی منصوبہ کے تحت شروع کئے گئے تربیتی پروگرام ’’کسان سمپرک ابھیان ‘‘کے کم از کم ایک پروگرام میں شرکت کریں۔کمشنر سیکرٹری عوامی شکایات محترمہ ریحانہ بتول نے ’ایل جی ملاقات ‘کی نظامت کے فرائض اَنجا م دئیے۔بات چیت کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو ، اے سی ایس محکمہ داخلہ آر کے گوئیل ، اِنتظامی سیکرٹریز ، صوبائی کمشنران ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس ایس پی ، محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔










