لیفٹیننٹ گورنرنے بی جے پی کے وفد سے ملاقات کی

لیفٹیننٹ گورنرنے بی جے پی کے وفد سے ملاقات کی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بی جے پی جموں وکشمیر کے صدر رویندر رینا اور جنرل سیکرٹری (آرگنائزیشن ) اشوک کول کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی۔سابق اراکین اسمبلی سریندر امبار دار اور صوفی یوسف ، بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر اور بی جے پی ضلع سری نگر کے صدر اشوک بھٹ بھٹ بی وفدکا حصہ تھے۔وفد نے معصوم کے قتل پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کو ایک میمورنڈم سونپا اور پی ایم پیکیج ملازمین سے متعلق مطالبات پر کارروائی کی اپیل کی۔بی جے پی لیڈروں نے لیفٹیننٹ گورنر سے پی ایم پیکیج ملازمین کی پروموشن کی شکایات پر غور کرنے کی بھی درخواست کی جس پر لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دِلایا کہ وہ فوری طور پر اِنتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دیں گے کہ وہ اِس مسئلے کا جائزہ لیں اور ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے وفد کو یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ نے پی ایم پیکیج ملازمین کی فلاح و بہبود اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے ہیں اور تمام خدشات کو مقررہ وقت میں دور کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پی ایم پیکیج کے تمام ملازمین کو محفوظ ضلع اور تحصیل صدر مقامات میں تعینات کیا جائے گا اور جموںوکشمیر پولیس ملازمین اور ان کے کنبے کے اَفراد کی مناسب حفاظت کو یقینی بنائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بی جے پی کے وفد سے کہا،’’ یہ پوری اِنتظامیہ اور قوم کے لئے ایک اِنتہائی حساس اور جذباتی لمحہ ہے اور ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہونا چاہیے۔ حملے میں ملوث دو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ہم نے سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دی ہے اور باقی ماندہ کو بھی جلد ختم کیا جائے گا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں اور ان کے حامیوں کو جلد ہی سزا دی جائے گی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے بی جے پی لیڈروں کو مزید بتایا کہ جموں کشمیر پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پی ایم پیکیج کے ملازمین کے لئے فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ راہل بھٹ کے قتل کے تمام پہلوؤں کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے اور وہ آنسو گیس شیلنگ کے واقعے کو بھی دیکھے گی۔ قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے ایل جی سیکرٹریٹ کے اَندر پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے ایک خصوصی سیل بھی تشکیل دیا ہے اور ایڈیشنل سیکرٹری اَکشے لابرونو ڈل اَفسر ہوں گے۔ خصوصی سیل پی ایم پیکیج ملازمین کی شکایات کا ازالہ کرے گا اور یہ ضلعی اِنتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کرے گا تاکہ اسِ بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پی ایم پیکیج ملازمین کی شکایات کو جلد اَز جلد حل کیا جائے۔بی جے پی کے وفد نے مطالبہ کیا ہے کہ اعتماد سازی کے اِقدامات کے لئے ایک نوڈل آفیسر کا تقرر کیا جانا چاہیے ۔ نوڈل آفیسر اَکشے لابر و اِس اِقدام کے ایک حصے کے طور پر پی ایم پیکیج کے ملازمین کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ کریں گے۔