لیفٹنٹ گورنر نے کشمیر ڈویژن کی خواتین کو اعزاز سے نوازا

جموں و کشمیر کو بااختیار بنانے کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا لازمی ۔ ایل جی سنہا

سرینگر//لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج چنار کارپس کی طرف سے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کشمیر ڈویژن کی کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کو اعزاز سے نوازا۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے ان تمام خواتین کو مبارکباد دی جنہوں نے اپنے لئے ایک جگہ بنائی ہے اور دیگر خواتین کو مختلف شعبوں میں کامیابی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرنے کے خواب دیکھنے اور حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے ۔ انہوں نے ناری شکتی کو بااختیار بنانے کیلئے چنار کارپس کے شاندار اقدام کی تعریف کی اور قوم کی تعمیر میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی کو بااختیار بنانے کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں جموں و کشمیر انتظامیہ نے آئین میں درج مساوات ، مساوی حقوق اور مساوی مواقع کے اصولوں کی بنیاد پر خواتین کو بااختیار بنانے کو ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ ہماری نصف آبادی نے یو ٹی کی خوشحالی اور ترقی میں بہت بڑا حصہ ڈالا ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں جموں و کشمیر میں نافذ کی جانے والی کئی اسکیموں اور پروگراموں پر روشنی ڈالی جن کا مقصد خواتین کو مکمل طور پر بااختیار بنانا اور ان کی مکمل صلاحیتوں کا ادراک کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے این آر ایل ایم ، مشن یوتھ ، جے کے ٹی پی او ، صنعت اور تجارت کی اسکیموں کے ذریعے شہری اور دیہی علاقوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کئی اقدام اٹھائے ہیں ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ہماری بیٹیاں نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں اور نئے اعتماد اور خود اعتمادی کے احساس کے ساتھ ایک نیا مستقبل ترتیب دے رہی ہیں ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے خواتین کو تعلیم ، قانون ، کاروباری ، سماجی کام ، صحت ، ادبی ، کھیل ، صحافت جیسے مختلف شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دینے پر مبارکباد دی ۔ لیفٹنٹ جنرل راجیو گھئی جی او سی 15 کارپس ، میجر جنرل موہت سیٹھ جی او سی کلو فورس ، فوج کے سینئر افسران ، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات اور کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کے اہل خانہ موجود تھے ۔