فلم تھیٹر جموںوکشمیر کی بڑھتی ہوئی اُمنگوں کا عکاس ہیں۔ آج بارہمولہ اور ہندواڑہ کیلئے اہم دِن ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر
بارہمولہ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعدآج بارہمولہ اور ہندواڑہ میں 100 نشستوں والے کثیر مقصدی سنیما ہالوں کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ زائد ازتین دہائیوں کے بعد بارہمولہ میں سنیما کلچر بحال ہوا ہے۔ اُنہوں نے گذشتہ برس شوپیاں اور پلوامہ میں سنیماہالوں کا اِفتتاح کر کے سنیما کلچر کو بحال کیا تھا۔سال2022ء میں سری نگر میں ایک اور پرائیویٹ ملٹی پلیکس بھی سامنے آیا تھا ۔ اُنہوں نے لوگوں کو بڑی سکرین کا تجربہ فراہم کرنے کے لئے ہر ضلع میں ایک سنیماہال قائم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔اُنہوں نے بارہمولہ اور ہندواڑہ کے لوگوں کو اس اہم موقعہ پر مبارک بادد ی ۔ اُنہوں نے کہا کہ فلم تھیٹر جموںوکشمیر کی بڑھتی ہوئی اُمنگوں کا عکاس ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نئے ملٹی پرپز سنیما ہالوں کا مقصد لوگوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنا، متحرک سنیما کلچر کو بحال کرنا، نوجوانوں کے لئے سمیناروں میں بحث و مباحثہ ، سوچ بچار کے لئے جگہ فراہم کرنا ہے ۔ نوجوانوں کے لئے دونوں مقامات پر ایک کیفے ، وِی آر ، کانفرنس اور سمینار کی سہولیات میسر ہوں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بارہمولہ میں ضلع کے لئے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے بارہمولہ کو اَمن اور ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ ، پی آر آئی کے اراکین اور سول سوسائٹی کی کوششوں کو سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ بارہمولہ اَب اسپریشنل ڈسٹرکٹ بننے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ ضلع نے گذشتہ چند برسوں میں سماجی و اِقتصادی ترقی میں بے مثال پیش قدمی کی ہے۔‘‘اُنہوں نے جموںوکشمیر اِنتظامیہ کے سبھی کو سماجی و اقتصادی بااختیار بنانے کے لئے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت کے وسائل پر سماج کے پسماندہ طبقے کا پہلا حق ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ سب کا ساتھ، سب کا وِکاس کے نظریۂ نے پسماندہ لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لائی ہے ۔ ہم ایک بڑی آبادی کی زبردست تخلیقی طاقت کو بروئے کا رلانے کے لئے جامع اور قابل توسیع حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہاکہ پی ایم اے وائی کے تحت ایک پکہ مکان ہزاروں کنبوں کی مکمل صلاحیتیوں کو اُجاگر کرے گا اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ حکومت ہر شخص کو بااِختیار بنانا چاہتی ہے اور میں ان کنبوں کو یقین دِلانا چاہتا ہوں کہ ایک اُمید اَفزا مستقبل آپ کا منتظرہے۔‘‘اُنہوں نے بارہمولہ کے شیر مقبول شیروانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ نئے جموںوکشمیر کے اَگلے 25 سالہ سفر میں اَپنا نمایاں حصہ اَدا کریں۔اُنہوں نے کہا ،’’ بہت سے مفادات رکھنے والے جموں و کشمیر کی ترقی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن بدعنوانوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔‘‘اُنہوں نے نے کہا کہ معاشرے کو حکومت کے ساتھ ان لوگوں کے خلاف متحد ہونا چاہیے جنہوں نے دہائیوں سے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کیا ہے۔چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بارہمولہ محترمہ سفینہ بیگ نے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی اِنتظامیہ کی طرف سے مشن یوتھ جیسے اقدامات سے جموںوکشمیر کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور اُنہیں بااِختیار بنانے کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔ڈائریکٹر جادوز میڈیا راہل نہر ا نے بتایا کہ بلاک بسٹر بالی ووڈ ’’ پٹھان ‘‘ نئے اِفتتاحی سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔مشن یوتھ پورے جموںوکشمیر یوٹی میں ملٹی پرپز سینما ہال قائم کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ پائلٹ بنیادوں پر پلوامہ ، شوپیان ، اودھمپور ، بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، ڈوڈہ اور بارہمولہ اَضلاع میں کثیر مقصدی سینما ہال بنائے گئے۔بارہمولہ میں لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے 4کروڑ روپے کے دیگر پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا گیا جس میں ایچ ایس ایس کنزر میں نو کمروں والی تین منزل عمارت، ایچ ایس ایس سلطان پورہ میں آڈیٹوریم ، ا چھہ بل دواباغ،وڈیر آباد ، پنزلہاور ڈبلیو ایس ایس ڈولی پورہ فتریشتھر میں جل جیون مشن کے تحت پانی کی فراہمی کی سکیمیں شامل ہیں۔ اِس موقعہ پر سی اِی او مشن یوتھ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، ڈی آئی جی وویک گپتا،ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر ، پولیس ، سول اِنتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ اَفسران ، پی آر آئی کے اراکین ، جادوز میڈیا کے عہد ہ داراں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز شہری موجود تھے۔










