کولگام// ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کولگام اطہر عامر خان نے منی سیکرٹریٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں بی جے پی، سی پی آئی ایم، آئی این سی، جے کے این سی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔میٹنگ کا مقصد آئندہ لوک سبھا انتخابات 2024 کے پیش نظر انتخابی ضابطہ اخلاق میں بیان کردہ اعلیٰ ترین اخلاقی معیارات اور الیکشن کمیشن کے دیگر قابل اطلاق رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اہمیت پراُجاگر کرنا تھا۔سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو سی وی جی آئی ایل جیسی ایپس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیاجو شہریوں کو انتخابی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی)،سویدھا اُمیدوار ایپ ، ووٹر ہیلپ لائن ایپ ، سکشم۔ ای سی آئی ایپ ، این کور ایپ ، آر ٹی آئی آن لائن پورٹل اور دیگر ایپوں کی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کے قابل بناتا ہے تاکہ پُرامن اور شفاف اِنتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔اِن سیاسی جماعتوں کے نمائندوں میں انتخابی کتابچے اور متعلقہ مواد بھی تقسیم کیا گیا۔میٹنگ میں ایس ایس پی کولگام ساحل سرنگل ، ڈپٹی ڈی اِی او ، آے آر اوز اور دیگر اَفسران نے بھی شرکت کی۔










