ایک فوجی افسر اور ایک ملیٹنٹ ہلاک ، علاقے میںسیرچ آپریشن جاری
سرینگر//کپوارہ کے سرحدی قصبہ لولاب کے کووت نامی گائوں میں منگل کی شام کو فوج اور عسکریت پسندوں کے مابین شروع ہوئے تصادم میں ایک شدت پسند کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ اس جھڑپ میں فوج کا ایک نان کمیشڈ افسر (این سی او) بھی ہلاک ہوا ہے اور آخری اطلاع ملنے تک علاقے میں محاصرہ جاری تھا ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے لولاب وادی میں کووت نامی گائوں میں منگل کی رات سے جاری انکاؤنٹر میں سیکورٹی فورسز نے ایک شدت پسند کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پورے علاقے میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ انکاؤنٹر میں فوج کا ایک آفیسر بھی ہلاک ہواہے ۔ فوج کی چنار کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر آپریشن کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔ اس سے پہلے منگل کو شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے لولاب میں سیکورٹی فورسز اورعسکریت پسندوں کے درمیان انکاؤنٹر ہوا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ فوج کی چنار کور نے کہا کہ فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے 23 جولائی کو کووت، کپواڑہ میںملیٹنٹوں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ایک مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ 24 جولائی کو فوجیوں نے مشکوک سرگرمی دیکھی اور چیلنج کیا جس کے جواب میںشدت پسندوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک این سی او زخمی ہواجو بعد میں ہسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ اسطرح سے جھڑپ میں ایک فوجی افسر اور ملیٹنٹ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ علاقے کا محاصرہ جاری ہے ۔










