جموں کشمیر میں ہر ورکر کی بہتری کیلئے سرکار پُر عزم ہے
سرینگر//یوم مزدور کے موقع پر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں کشمیر انتظامیہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے والے مزدوروں ، کارکنوں اور ورکروں کو اپنا حق دلانے کے لئے پُر عزم ہے ۔ منوج سنہا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کے ساتھ استحصال کو ختم کرنے کیلئے کئی طرح کے اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق عالمی یوم مزدور کے موقعے پر جموں کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ادارے ورکروں کی محنت اور لگن سے ہی چل رہے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ جموں کشمیر میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو ہر سرکاری مراعات فراہم ہو اس کیلئے سرکار نے ایک میکنزم قائم کیا ہے ۔ یوم مزدور کے موقع پر ان تمام مزدور بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات جو خود انحصار ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں۔ ان کی انتھک محنت اور لگن کی بدولت فزیکل انفراسٹرکچر کی تعمیر سے آج ملک ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔منوج سنہا نے ٹویٹ کی ایک سیریز میں بتایا کہ جموں کشمیر انتظامیہ ہر شہری خاص کر کامگاروں کو اپنا حق دلانے کیلئے کام کررہی ہے اور ان ہی کامگاروں کی بدولت ترقی یقینی بن سکتی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ملکی سطح پر اگر دیکھا جائے تو بھارت کی تعمیر و ترقی کے دور میں ان ہی مزدورں کا ہاتھ ہے ۔










