ترواننت پورم/ایجنسیز// کیرالہ کے چیف منسٹروی ڈی ستیشن ایک طالبہ کے سیلوٹ سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے اس کے تئیں خصوصی محبت اور اپنائیت کا اظہار کیا۔ اتوار کے روز انہوں نے عائشہ فاطمہ سے دوبارہ ملاقات کی اور اس خاص لمحے کو اپنے لیے خوشی کا باعث قرار دیا۔وی ڈی ستیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعہ عائشہ کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ عائشہ کے سیلوٹ نے ان کے دل کو چھو لیا تھا اور آج اس سے دوبارہ ملاقات کرکے ان کی خوشی دوگنی ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو ایرناکولم ٹاؤن ہال میں سڑک تحفظ پراجکٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران عائشہ نے ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی تھی۔ اس وقت وہ تقریب میں اپنی نشست کی جانب بڑھ رہے تھے کہ ان کی نظر اسٹوڈنٹ پولیس کیڈٹ عائشہ پر پڑی جو چوکنا ہونے کی حالت میں کھڑی ہوکر انہیں سیلوٹ کر رہی تھی۔ چیف منسٹر نے بھی فوراً کھڑے ہوکر اس کے سیلوٹ کا جواب دیا تھا۔ ان کے مطابق یہ خاص لمحہ آج بھی ان کی یادوں میں تازہ ہے۔ستیشن نے بتایا کہ اتوار کو پروور میں ماتر بھومی کے ’لو پلاسٹک‘ پراجکٹ کی ریاستی سطح کی افتتاحی تقریب کے دوران عائشہ سے دوبارہ ملاقات ہوئی۔ وہ ان کیلئے پھول لے کر تقریب کے مقام پر پہنچی تھی۔عائشہ فاطمہ چیرانیلور کے الفاروقیہ ہائر سیکنڈری اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ ہے۔ وی ڈی ستیشن نے اس دوبارہ ملاقات کو غیر متوقع اور انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے عائشہ کے تئیں اپنی محبت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ کو دوبارہ دیکھ کر گزشتہ ملاقات کا وہ خاص لمحہ ایک بار پھر ان کی یادوں میں تازہ ہوگیا اور اس ملاقات نے ان کے دل کو خوشی اور گرم جوشی کے احساس سے بھر دیا۔










