جئے پور/ایجنسیز//راجستھان کے کوٹا میں کل دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ کوٹا۔ادے پور نیشنل ہائی وے پر شمبھوپورہ گاؤں کے قریبیاتریوں سے بھری ایک کروزر وین سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں 9 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والوں میں زیادہ تر ایک ہی خاندان کے افراد ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کروزر وین میں مجموعی طور پر 16 افراد سوار تھے۔ یہ سبھی مہاراشٹر اکے رہنے والے تھے اور راجستھان کے سیکر ضلع میں واقع کھاٹو شیام مندر میں درشن کرنے آئے تھے۔ درشن کے بعد تمام افراد مہاراشٹرا واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران ناتا تھانہ علاقے کے شمبھوپورہ کے قریب ان کی گاڑی سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔بتایا جا رہا ہے کہ ٹرک میں کچھ خرابی آ گئی تھی اور ڈرائیور محمد ہارون گاڑی کی جانچ کر رہے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے تیز رفتار سے آ رہی کروزر وین نے پہلے انہیں ٹکر ماری اور پھر ٹرک میں جا گھسی۔ حادثے میں وین میں سوار 9 افراد کی جان چلی گئی۔ ٹرک ڈرائیور سمیت 8 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں اور زخمیوں میں چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی تیجسوینی گوتم سمیت پولیس اور انتظامیہ کے کئی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ایمبولنس کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ واضح رہے کہ دوسرا سڑک حادثہ جودھپور میں پیش آیا جہاں ایک کار اور ٹریول ٹیمپو کے درمیان ٹکر ہو گئی۔ اس تصادم میں 3 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 15 دیگر زخمی ہیں۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ زخمی اور ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان کے ہیں۔ یہ لوگ گجرات سے رام دیورا جا رہے تھے کہ اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔










