Talat Parvez presides over public darbar at Sumlar Bandipora

طلعت پرویز نے سملر بانڈی پورہ میں میگا عوامی دربار کی صدارت کی

عوامی شکایات سُنیں ، افسران کو لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی

بانڈی پورہ//کمشنر آف انکوائریز جموں و کشمیر طلعت پرویز روہیلہ نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سملر میں ایک عوامی دربار اور شکایات کے ازالے کے کیمپ کی صدارت کی جس میں انہوں نے شکایات سُنیں اور لوگوں کو درپیش مسائل کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بانڈی پورہ عبدالغنی بھٹ ، وائس چئیر پرسن کوثر شفیق ، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ، ڈی ڈی سی اربن ، اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ اور تمام لائن محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ عوامی دربار میں سول سوسائٹی کے ارکان ، مقامی لوگوں اور نوجوانوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کی زبردست شرکت دیکھی گئی جنہوں نے کمشنر کو مختلف ترقیاتی اور انہیں درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈی ڈی سی اربن نے اس موقع پر اربن بلاک کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا اور مطالبات کا تفصیلی چارٹر بھی پیش کیا ۔ مختلف وفود کے نمائندوں کی جانب سے پیش کئے گئے دیگر مطالبات میں گرلز ہائی سکول ، ڈگری کالج ، رسیونگ اسٹیشن ، پی ایم اے وائی کے تحت زیر التوا مقدمات کو نمٹانا شامل ہیں ۔ ڈویژن کے کچھ علاقوں کو سیاحت کے نقشے پر لانے کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے کمشنر نے اس معاملے کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔ اور باقی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا ۔ کمشنر نے خطے میں مجموعی ترقی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ یو ٹی میں اچھی حکمرانی کے ایل جی کے پسندیدہ ہدف کو جاری رکھیں ۔ قبل ازیں کمشنر نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے فلاحی اور آمدنی پیدا کرنے والی اسکیموں سے متعلق مختلف استفادہ کنندگان کو اتھارٹی اور منظوری کے خطوط بھی حوالے کئے ۔