ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے یوم آزادی۔2023ء کی تیاریوں کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے منی سیکرٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک میٹنگ میں ضلع میں آئندہ یوم آزادی کی تقریبات کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ مرکزی تقریب قمریہ سٹیڈیم گاندربل میںمیں منعقد ہوگی جہاں مہماں خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے ۔ اِس کے بعد مارچ پاسٹ ہوگا جسے ضلع پولیس ، سی آر پی ایف ، آرمڈ پولیس ، این سی سی ، پی ٹی ایس منیگام ،فارسٹ پروٹیکشن فورس اور مختلف تعلیمی اِداروں کے طلباء کے دستے پیش کریں گے ۔تقریب کے دوران طلباء کی جانب سے ثقافتی اور رنگارنگ پروگرام پیش کئے جائیں گے۔میٹنگ میں مرکزی مقام گرائونڈ ، پوڈیم ، سیکورٹی ، نشستیں ، ٹرانسپورٹیشن ، پارکنگ ، بجلی ، ریفریشمنٹ ، میڈیکیئر اور ایمبولنس کی دستیابی کے علاوہ فائر ٹینڈروں کی تعیناتی اور صفائی ستھرائی کے اَقدامات سمیت دیگر اِنتظامات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یوم آزادی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ اَفسروں پر زور دیا کہ وہ 13؍ اگست یعنی فل ڈریس ریہر سل کے دِن سے پہلے تمام اِنتظامات کو حتمی شکل دیں۔میٹنگ میں سرکاری عمارتوں کے چراغاں پلان پر بھی غور کیا گیا اور یہ فیصلہ لیا گیا کہ ضلع کے تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم کشائی کو یقینی بنایا جائے گا۔دریں اثناء ، ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ سب ڈویژن ، بلاک اور پنچایتی سطح پر جشنِ آزادی کی تقریبات کے لئے تمام اِنتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔میٹنگ میں اے ڈی سی معراج الدین شاہ ، اے سی ار ، سی پی او، سی اِی او ایس ڈی اے ، ایس اِی آر اینڈ بی ، سی اِی او ، مختلف وِنگوں کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں ، اِی او میونسپلٹی ، اے آر ٹی او اور دیگر متعلقین موجود تھے۔