ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے کیرن کیلئے ایس آر ٹی سی بس کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

کپواڑہ// ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے سرحدی علاقے کیرن کے لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ڈی سی آفس کپواڑہ سے کیرن علاقے کے لئے نئی الاٹ کی گئی ایس آر ٹی سی بس کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی ممبر کرالپورہ ایڈوکیٹ مسرت ، بی ڈی سی چیئرپرسن کیرن محمد سیّد خواجہ ، ایس آر ٹی سی کپواڑہ کے اَفسران اور ملازمین کے علاوہ کیرن جانے والے مسافر بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بس سروس کا مقصد دیائے کشن گنگا کے کنارے واقع کیرن کے علاقے کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیت فراہم کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ آرام دہ سفری تجربہ فراہم کرنے والی بس سیاحوں کو خوبصورت وادی کیرن اور فرکیان ٹاپ ، میلیال ، کچاما جانے میں سہولیت فراہم کرے گی ۔ اِس کے علاوہ مقامی لوگوں کو ان کے آنے اور جانے کے سفر میں فائدہ پہنچے گا۔ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے مزید کہا کہ رواں مالی برس کے دوران کپواڑہ ضلع کے دیگر سرحدی علاقوں میں مزید بسیں الاٹ کی جائیں گی جس سے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور ضلع میں نئے سیاحتی مقامات کی تلاش میں بھی مدد ملے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں سیاحوں کی تعداد میں اِضافہ ہوا ہے ۔ضلع کپواڑہ میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے ٹرانسپورٹ خدمات ، سڑک رابطہ ، ہوم سٹے اور دیگرمتعلقہ سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جارہا ہے ۔دریں اثنا، کیرن اور کرالپورہ اور دیگر راستے کے علاقوں کے پی آر آئی اور مقامی لوگوں نے ان کے لئے بس سروس شروع کرنے، ان کے سفر کو آسان اور آرام دہ بنانے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ کا شکریہ اَدا کیا ہے ۔اِس موقعہ پر ایس آر ٹی سی کے اَفسران نے کہا کہ یہ بس روزانہ کی بنیاد پر کپواڑہ سے کیرن تک چلے گی۔