کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے آج ڈی سی آفس کپواڑہ میں ان کے دفتر کے چیمبر میں پی ایم کیئرز بچوںاور ان کے سرپرستوں کے ساتھ بات چیت کی۔اِس موقعہ پر ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کپواڑہ ہدایت اللہ میر موجود تھے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے بچوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کی صحت ، دیکھ ریکھ اور تعلیم کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور ان سے زندگی میں ان کے مقصد، پسندیدہ کتابوں ، ضیافتوں کے بارے میں پوچھا اور اُنہیں چاکلیٹ پیش کیں۔اُنہوں نے بچوں کو یقین دِلایا کہ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔دریں اثنأ، ڈی سی پی او کپواڑہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی کہ کرناہ اور پنز گام کے چھ ’’ ڈبل آرفن چلڈرن ‘‘ جنہوں نے کووِڈ۔19کی وجہ سے اَپنے والدین کو کھو دیا ہے ، کو پی ایم کیئرس سکیم کے تحت لایا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اَتھارٹی کپواڑہ کی طرف سے ہر بچے کو 50,000 روپے کی ایکس گریشیا ریلیف پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہے اور بچوں کو پی ایم جی اے وائی صحت کے تحت مفت تعلیم اور صحت بیمہ فراہم کیا جارہا ہے ۔ اِس کے علاوہ اُنہیں سکشم سکیم اور دیگر اقلیتی وظائف کے تحت سکالر شپ بھی فراہم کی جارہی ہے ۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ ’’ پی ایم کیئرز فار چلڈرن ‘‘ سکیم کا مقصد ان بچوں کی مدد کرنا ہے جو 11؍ مارچ 2020ء سے شروع ہونے والی مدت کے دوران والدین یا قانونی سرپرست یا گود لینے والے والدین یا زندہ بچ جانے والے والدین کو کووِڈ۔19 وبائی مرض میں کھو چکے ہیں۔اِس سکیم کا مقصد بچوں کی مستقل نگہداشت اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے اور ہیلتھ اِنشورنس سے ان کی فلاح و بہبود کو قابل بنانا، تعلیم سے اُنہیں بااِختیار بنانااور23 برس کی عمر تک پہنچنے پر مالی مدد کے ساتھ اُنہیں خود کفیل بنانا ہے۔










