کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑ ہ آیوشی سوڈان نے آج خمریال کا دورہ کیا اور آر اینڈ بی ڈویژن کپواڑہ کی طرف سے کئے جانے والے خمریال پُل کی بحالی کے کام کا موقعہ پر جائزہ لیا۔لولاب سب دویژن کو ضلع ہیڈکوارٹر کپواڑہ سے جوڑنے والے خمریال پُل کی ایک وِنگ کی دیوار 26اور 27؍ جولائی کی درمیانی رات کو بادل پھٹنے اور تیز بارش کی وجہ سے نالہ کلاروس میں آنے والے سیلابی ریلوں سے تباہ ہو گئی تھی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آر اینڈ بی سب ڈویژن کپواڑہ کو ہدایت دی کہ اس اہم پُل کو جنگی بنیادوں پر بحال کیا جائے تاکہ رہائشیوں اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لئے پُل کے اوپر سے سنگل لین ٹریفک کی اِجازت دی جارہی ہے اور پانی کو نالے کے دوسرے کونے کی طرف موڑ دیا جارہا ہے تاکہ پُل کی دیوار کو مزید نقصان پہنچنے سے بچاجاسکے۔پانی کو موڑنے کے لئے کئی جے سی بیز کا استعمال کیا جاتا ہے اور ایک راک بریکر کو تباہ شدہ وِنگ وال اور دیگر چٹانوں کو کچلنے کے لئے اِستعمال کیا جارہا ہے۔دریں اثنا، ضلع ترقیاتی کمشنر نے جیولوجی اینڈ مائننگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع کے مختلف نالوں کے تمام پُلوں کے 500میٹر اوپر اور نیچے کے علاقے میں کان کنی پر پابندی عائد کریں تاکہ سیلاب کے دوران پُلوں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس ، محکمہ آر اینڈ بی کے دیگر اَفسران اور اِنجینئر بھی تھے۔دریں اثناء محکمہ پی ایم جی ایس وائی کپواڑہ نے کلاروس اور اس سے ملحقہ علاقوں کی سڑکوں کو بحال کیا ہے جو سیلاب کی وجہ سے بند ہوگئی تھیں۔










