ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کا شاہو سچن میں امام باڑہ کا دورہ کیا

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے آج ضلع کے شاہو سچن علاقے میں اِمام باراں کا دورہ کیا تاکہ مختلف محکموں کی طرف سے محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَپنے دورے کے دوران محرم الحرام کے دِنوں میں عوام کی سہولیت کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ محرم الحرام کے خوش اَسلوبی سے اِنعقاد کو یقینی بنانے اور عزاداروں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہم آہنگی پیدا کریں۔محکمہ پی ایچ اِی اور پی ڈی ڈی سے کہا گیا کہ وہ فول پروف سٹینڈ بائی اِنتظامات کے ساتھ پانی اور بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ اِمام بارگاہوں کو جانے والی سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس لگائیں اور محرم الحرام کے ایام میں عوام کو مطلوبہ سہولیات فراہم کریں۔اُنہوں نے شیعہ برادری کے لوگوں اور نمائندوں سے بھی گفت و شنید کی اور ان کے مسائل اور مطالبات سنے ۔ دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی سی وقار احمد گیری ، اے سی آر امیر امتیاز العزیز، اے سی ڈی محمد عمرات ، سی ایم او ، تحصیل دار دیوسر اور پوہلو ، پی ایچ اِی او رپی ڈی ڈی کے اِی اِی اور دیگر اَفسران بھی تھے۔