لوگوں سے منشیات کی بدعت کے خلاف شروع کی گئی مہم میں ضلعی اِنتظامیہ کا بھرپور ساتھ دینے کی اپیل کی
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے عوامی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے کے لئے آج کیموہ کے علاقے کا دورہ کیا اور بلاک کمپلیکس کیموہ میں منعقدہ ایک میگا شکایات اَزالہ کیمپ کی صدارت کی۔پروگرام میں پی آر آئیز اور عام لوگوں کی طرف سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا بالخصوص نوجوانوں کی طرف سے جنہوں نے اَپنے علاقوں میں درپیش مسائل اور شکایات کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے حصہ لیا۔اِس شکایات ازالہ کیمپ میں اے ڈی سی وقار احمد گیری ، اے سی آر میر اِمتیاز العزیز ، اے سی ڈی محمد عمران خان ، سی اِی او ، سی ایم او ، تحصیل دار ، بی ایم او اور دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو کیمو، ریڈوانی ، وان پورہ ، سونی گام اور دیگر علاقوں کے لوگوں کے وفود نے اپنے مسائل اور اَپنے علاقوں کی ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کارروائی کے دوران اُٹھائے گئے تمام مسائل کو بغور سنا اور بعد میں فوری نوعیت کے شکایات کا موقعہ پر ہی اَزالہ کیا ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ علاقے کی ہمہ جہت ترقی کے لئے پُر عزم ہے اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کی بدعت کے خلاف شروع کی گئی مہم میں ضلعی اِنتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔اُنہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے کھیتوں سے پوست تلف کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سونی گام گائوں کے لوگوں کو پوست تلف کرنے کی مہم جو کہ گائوں میں لوگوں نے پوست کو تلف کرنے کے لئے چلائی تھی ، کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کے لئے لوگوں کے اِس مثبت اَنداز کی ضرورت ہے جس نے نوجوانوں کو متاثر کیا ہے۔دیو سر اور ڈی ایچ پورہ بلاکوں میں بھی شکایات ازالہ کیمپ منعقد کئے گئے جہاں اے ڈی ڈی سی اور ایس ڈی ایم نے جلد از جلد ازالے کے لئے لوگوں کے مسائل بغور سنا۔










