ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام نے محکمہ تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لیا

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے آج محکمہ تعلیم کے اَفسران کی ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ ضلع میں محکمہ کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا جاسکے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے سکولوں کی تعداد ، بچوںکے داخلے ، بجلی اور پینے کے پانی کی سہولیات کے علاوہ لیبارٹریوں وغیرہ کے بارے میں تفصیلی اِستفسار کیا۔ سی اِی او نے بذریعہ پاور پوائنٹ پرزنٹیشن چیئر کو جانکاری دی کہ ضلع میں 814 سرکاری اور 232پرائیویٹ سکول ہیں جن میں کل 90,574 طلباء اِن سکولوں میں داخل ہیں۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے سے آٹھویں تک 29,539 ٹیکسٹ بُک سیٹ فراہم کئے گئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تدریسی عمل کے معیار کو یقینی بنائیں اور اُنہیں جسمانی طور خاص بچوں کے لئے سکول شروع کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اور مربوط اقدامات کریں اور سرکاری سکولوں میں داخلہ بڑھانے کے لئے اِضافی کوششیں کریں۔اُنہوں نے بہتر نتائج کے لئے سکولوں کے کام کاج کی باقاعدہ اور مؤثر نگرانی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور زیڈ اِی اوز کو اَپنے دائرہ اختیار میں سکولوں کے بار بار دورے کرنے کی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایکلاویہ ماڈل ریذیڈنشل سکول ٹنگمرگ کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے قبائلی طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا کہ طلباء کو غیر نصابی سرگرمیوں سمیت اَپنی تعلیمی سرگرمیوں میں سبقت حاصل کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل تک رَسائی حاصل ہے۔اُنہوں نے سکولوں میں زیادہ بہتر ، ساز گار اور پُر کشش ماحول تیار کرنے پر زور دیا تاکہ تمام سکولوں میں بجلی اور بیت الخلاء سہولیات کو یقینی بنایا جاسکے۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے مالی سال 2022-23ء کے دوران یوٹی کیپکس ، ڈسٹرکٹ کیپکس ، سماگراہ اور دیگر اجزأ کے تحت ریکارڈ کی گئی پیش رفت اور حصولیابیوں کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی شوکت احمد راتھر، جے ڈی پی زاہد سجاد، سی اِی او مشتاق احمد قادری ، زیڈ اِی اوز اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔