کولگام/ /ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان نے ایس ایس پی کولگام ساحل سرنگل کے ساتھ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منی سیکرٹریٹ میں افسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔اُنہوںنے پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مقدس ایام کے دوران بالخصوص ضلع کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔پی ایچ ای حکام کو امام بارگاہوں پر ٹینکر سروس بھی دستیاب رکھنے کی ہدایت دی گئی جبکہ پی ڈی ڈی افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِمام بارگاہوںکے قریب جن سیٹ نصب کریں۔ایف سی ایس اینڈ سی اے افسران سے کہا گیا کہ وہ شیعہ آبادی والے علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی مناسب دستیابی کو یقینی بنائیں جبکہ ہیلتھ حکام کو ایمبولینس سروس کو تیار رکھنے کے علاوہ ضلع کے امام بارگاہوں کے قریب اِبتدائی طبی امدادی کیمپ قائم کرنے کی ہدایت دی گئی۔آر اینڈ بی افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام سڑکوں، لنک روڈوں بالخصوص امام بار گاہوں کی طرف جانے والی سڑکوں کی مرمت کو یقینی بنائیں جہاں ضرورت ہو۔ضلع کی میونسپل کمیٹیوں کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ امام بارگاہوں اور اس کے آس پاس صفائی کو یقینی بنائیں۔متعلقہ افراد کو امام بارگاہوں کے قریب ہائی ماسٹ لائٹس اور سٹریٹ لائٹس کی مرمت کرنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں ایس ایس پی کولگام ساحل سرنگل ، اے ڈی ڈی سی بشیر احمد وانی، اے ڈی سی، اے سی آر، سی ایم او، اے آر ٹی او، تحصیل دار پہلو، ایگزیکٹیو اِنجینئر جل شکتی اور دیگر افسران کے علاوہ شیعہ کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔










