پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے آج یہاں جی ڈی سی بوائز پلوامہ میں چنار کا پودا لگا کر چنار شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔فلوری کلچر ڈیپارٹمنٹ پلوامہ نے چنار شجرکاری مہم کا اِنعقاد کیا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس مہم کا مقصد ضلع میں گرین کور کو بڑھانا اور ماحول دوست ماحول پیدا کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ چنار وراثتی درخت ہونے کی وجہ سے ضلع میں مہم کے دوران تقریباً250 چنار لگائے جائیں گے۔اُنہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ چنار درختوں کی وراثت کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے لئے ضلع بھر میں چنار شجرکاری مہم میں حصہ لیں۔بصیر الحق چودھری نے کہاکہ ضلع میں چنار کے نئے درخت لگانے سے قدرتی خوبصورتی اور ماحول میں مزید اِضافہ ہوگا۔ یہ مقامی آبادی کی سماجی و اِقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ زیادہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کو راغب کرنے کا ایک سبب بھی بنے گا۔اُنہوں نے چنار درختوں کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے چنار شجرکاری میں معاشرے کے ہر طبقے کی شمولیت پر زور دیا اور ان کے تحفظ میں بھی شامل ہونے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کے لئے ڈگری کالج کا اِنتخاب طلباء میں درختوں سے محبت پیدا کرے گا جو اسے اگلی نسلوں تک لے جائے گا۔اِس موقعہ پر پرنسپل جی ڈی سی پلوامہ اور طلباء نے کالج میں چنارکے درخت بھی لگائے۔بہت سے طلباء نے چنار درختوں کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا اور مزید پودے لگانے کا عہد کیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل جی ڈی سی بوائز پلوامہ ، ڈسٹرکٹ فلوری کلچر آفیسر ، طلباء ، دیگر کئی محکموں کے اَفسران اور ملازمین موجود تھے۔اِس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ڈی سی آفس کمپلیکس اور پبلک پارک پلوامہ میں چنار کے درخت بھی لگائے۔










