ضلع ترقیاتی کمشنر و ڈی اِی او سری نگرنے14 ویں قومی یومِ رائے دہندگان کے موقعہ پر

واکتھون ریلی ’’ رَن فار ڈیمو کریسی‘‘ اور ایس کے آئی سی سی سے شکارا سواری کو ہری جھنڈی دِکھا روانہ کیا

سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ جو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسربھی ہیں، نے آج یہاں ایس کے آئی سی سی میں واکتھون ریلی ’’رَن فار ڈیموکریسی‘‘کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔تاکہ اِس ریلی سے قومی رائے دہندگان کے موقعہ پر ہر ووٹر کو اَپنے ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر وڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے 25 ؍جنوری 1950 ء کو قائم ہونے والے الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے یوم تاسیس کے موقعہ پر عالمی شہرت یافتہ جھیل ڈل کے کنارے سے شکارا سواری کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اِس برس کے قومی یوم رائے دہندگان کا موضوع’ ووٹنگ جیسا کچھ نہیں، میں یقینی طور پر ووٹ دیتا ہوں‘‘ ۔ضلع ترقیاتی کمشنر و ڈی اِی او نے شرکأ کے بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اِنتخابی عمل میں حصہ لینے کی اہمیت اور اَپنے رائے دہی کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ 18 برس کی عمر کو پہنچنے والے ہر شہری کے لئے ضروری ہے کہ وہ اَپنے جمہوری ذمہ اری کی اَنجام دہی کے حصے کے طور پر ہر الیکشن میں حق رائے دہی کا اِستعمال کرے۔ ڈی سی وڈی ای او نے شرکأ پر زور دیا کہ وہ ووٹنگ کی طاقت کا پیغام کو آگے بڑھائیں اور جمہوریت میں ووٹ کی اہمیت کے بارے میںبیداری پھیلائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یوم قومی رائے دہندگان لوگوں کو ان کے حق رائے دہی کے بارے میں بھی آگاہ کرتا ہے اور 18 برس کی عمر کو پہنچنے والے نوجوانوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ اِنتخابی شرکت اچھے فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں اور پالیسیوں کو بنانے میں مدد کرتی ہے جس کے نتیجے میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں۔ اُنہوں نے جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لئے حق رائے دہی کے ساتھ ساتھ ووٹ دینے کی ذمہ داری پر بھی زور دیا۔ اِس موقعہ پر چیف ایجوکیشن آفیسر، چیف پلاننگ آفیسر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر، خانیار، بٹہ مالو اور حبہ کدل کے الیکٹورل رجسٹریشن اَفسران، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر، تحصیلدار خانیار، ڈسٹرکٹ الیکشن اتھارٹی کے دیگر افسران و متعلقین موجود تھے۔