بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج اِنٹرنیشنل دہلی پبلک سکول بانڈی پورہ کے زیر اہتمام ضلع اِنتظامیہ بانڈی پورہ اور محکمہ تعلیم بانڈی پورہ کے اِشتراک سے منعقدہ دو روزہ ’میگا بُک فیئر‘ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے تقریب کا باقاعدہ اِفتتاح کیا اور کتابوں اور سٹیشنری سمیت مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پربتایا گیا کہ یہ میلہ دو دِن تک جاری رہے گا جس کے دوران مختلف سٹالوں پر مختلف قسم کی کتابیں شرکأ کو دستیاب رکھی جائیں گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن بُک ریڈنگ کے علاوہ آف لائن بُک ریڈنگ موڈ بھی اَپنی اہمیت کا حامل ہے ۔اُنہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ علم حاصل کریں۔ اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اِنٹرنیٹ اور وقت ضائع کرنے والے دیگر پلیٹ فارموں جیسے بے کار کاموں میں وقت ضائع نہ کریں۔اُنہوں نے طلباء کو ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اِظہا رکیا۔اِس موقعہ پر کشمیری روایات کے شاندار ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے ثقافتی پروگراموں کا ایک سلسلہ بھی پیش کیا گیا۔اِس موقعہ پر طلباء نے خطاب کرتے ہوئے ضلع اِنتظامیہ اور آئی ڈی پی ایس بانڈی پورہ کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے ایسی تقریبات کا اِنعقاد کیا جس سے انہیں دُنیا کے بارے میں معلومات کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔تقریب میں جے ڈی پلاننگ امتیاز احمد ، صدر پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن ، پرنسپل جی ڈی سی بانڈی پورہ ، ضلع کے بزر گ شہری ، بانڈی پورہ کے نوجوانوں کے علاوہ ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اِداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔










