سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کی صدارت میں سری نگر کی ہدف آبادی کے آدھار اَنرولمنٹ کو پورا کرنے کے لئے آج ضلعی سطح کی آدھار مانیٹرنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوئی جس میں اندراج کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ابتداً، ضلع ترقیاتی کمشنر نے آدھار انرولمنٹ سینٹروں کے کام کاج ، زیر اِلتوأ مراکز کی تصدیق ، آدھار نمبر کے بغیر آبادی ،سکول میں رجسٹریشن کی سہولیات ، عمر کے لحاظ سے اندراج اور دس سال کے وقفے کے بعد آدھار کو اَپ ڈیٹ کرنے کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ضلع کی پوری آبادی کے آدھار اندراج کو یقینی بنانے کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی اَداروں ، صحت مراکز اور آبادی کو متحرک کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر اَنرولمنٹ کیمپ منعقد کریں تاکہ ضلع میں مجموعی فرق کو کم کیا جاسکے۔اُنہوں نے ہسپتالوں، بینکوں، آئی سی ڈی ایس مراکز اور دیگر محکموں کو فراہم کی جانے والی مشینوں و آلات کو آپریشنل کرنے کے بارے میں اِن اداروں میں اندراج کے لیے آلات استعمال نہ کرنے کی وجہ جاننے کے لئے انکوائری کا حکم دیا۔انہوں نے سی ای او سری نگر کو ہدایت دی کہ وہ پرائیویٹ سکولوں میں آدھار نمبر کے بغیر طلباء کی کل تعداد کی تفصیلات جمع کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سب ڈِسٹرکٹ وار زیر التوأدرخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مقررہ تاریخ کے اندر تمام زیر التوأ پیکٹوں کی تصدیق میں تیزی لائی جائے۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر، پروگرام آفیسر، آئی سی ڈی ایس، اے سی آرسری نگر کے علاوہ سی ای او، سی ایم او، ڈی آئی او، اے ڈی فوڈ، نارتھ اور ساؤتھ اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سی ایس سی ای گورننس سری نگر اور یو آئی ڈی اے آئی کے نمائندوں نے شرکت کی۔










