رِیاسی / /ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی وشیش مہاجن نے 7 ؍اگست سے 10 ؍اگست 2024 تک ہونے والی کوثر ناگ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں عقیدتمندوں کی سہولیت کے لئے سیکورٹی ، طبی نگہداشت ، ٹرانسپورٹیشن ، بجلی اور پانی کی فراہمی کے لئے بلاتعطل اِنتظامات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔صدرکوثر ناگ یاترا مینجمنٹ کمیٹی نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو گزشتہ برس کی یاترا کے دوران درپیش سہولیات اور چیلنجوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایس ڈی ایم مہور اور بی ڈی او مہور سے کہا کہ وہ تمام ضروری تیاریوں کو یقینی بنائیں۔ ایگزیکٹیو اِنجینئر جل شکتی دھرماری کو یاترا کے دوران مخصوص مقامات پر پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ ایگزن پی ڈی ڈی ریاسی کو قابل اعتماد بجلی کے اِنتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ طبی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ یاتریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈاکٹروں کی ایک وقف ٹیم مقررہ مقامات پر تعینات کی جائے گی جو اَدویات اور آکسیجن سلنڈروں کے وافر سٹاک سے لیس ہوگی۔ اِس کے علاوہ میڈیکل ٹیمیں مسلسل مدد فراہم کرنے کے لئے یاترا کے ساتھ جائیں گی۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے تمام یاتریوں کی مناسب رجسٹریشن اور میڈیکل ٹیسٹ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تحصیل دار ریاسی کو رجسٹریشن آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پٹھووالوں اور پونی والوں کی بھی رجسٹریشن ہوگی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دِلایا کہ ضلعی اِنتظامیہ یاترا کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھائے گی تاکہ یہ تمام شرکأ کے لئے ایک محفوظ اور خوشگوار تجربہ بن سکے۔ایس ایس پی موہتا شرما نے یاترا کو احسن اور محفوظ بنانے کے لئے منصوبہ بند حفاظتی اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔میٹنگ تمام اَفسروں کی طرف سے اس یقین دہانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ وہ کوثر ناگ یاترا 2024 کو کامیاب اور پُراَمن بنانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔میٹنگ میں کمانڈنٹ سی آر پی ایف 126 بی این بدانثار محمد، اے ڈِی سی کلبھوشن کھجوریہ، اے سی آر انشوملی شرما، اے سی ڈی پردیپ کمار، اے آر ٹی او، تحصیل دار ریاسی، ڈی آئی او (انفو) اور کوثر ناگ یاترا مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران یوگ راج مینگی، ٹکن داس اور ونود شرما نے شرکت کی۔ کمانڈنگ آفیسر 33 آر آر بدھال، کمانڈنگ آفیسر 58 آر آر مہور، ایس ڈی ایم مہور اور ایس ڈی پی او مہورنے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔










