بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے آنے والے محرم الحرام کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج ماگام علاقے کا تفصیلی دورہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ٹائون ہال ماگام میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں ماہ مقدس میں مجالس اور جلوس کے اِنعقاد کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ مختلف شیعہ تنظیموں کے نمائندوں ، ماگام اور دیگر ملحقہ دیہات کے مقامی نمائندوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے مطالبات گوش گذار کئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوامی مطالبات سننے کے بعد متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام متعلقہ دیہاتوں کا دورہ کریں اور سڑکوں کی میکڈیمائزیشن ، بلا تعطل بجلی ، پانی کی سپلائی اور خوراک اور سول سپلائی سے متعلق مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ بروقت تعمیل رِپورٹس پیش کریں اور راشن کی دستیابی کو یقینی بنائیں ، آگ کی لکڑی کی تقسیم اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تنصیب کے علاوہ دیگر سہولیات جنگی بنیادوں پر اَنجام دی جائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ تمام نشاندہی شدہ مقامات پر پانی کے ٹینکوں کی سہولیت کو یقینی بناناجائے ۔میٹنگ میں صدر میونسپل کونسل ماگام مصطفی میر ، ایس ڈی ایم بیروہ توفیق اے غازی اور پی ڈی ڈی ، پی ایچ اِی ، آر اینڈ بی ، ریونیو ، میونسپلٹی کے سینئر اَفسران کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










