بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج متعلقہ اَفسروں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں یوم آزادی ۔2023ء کو منانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں جشن آزادی ۔2023ء کے حوالے سے مختلف تیاریوں اور اِنتظامات پر غور و خوض ہوا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں منعقد کی جائے گی جبکہ اِسی طرح کی تقریبات سب ڈویژنل سطح اور بلاک سطح کے ساتھ ساتھ تمام سکولوں ، کالجوں ، سرکاری اِداروں ، پنچایتوں وغیرہ میں منعقد کی جائیں گی۔ڈاکٹر اویس احمد نے متعلقہ اَفراد کو تمام ضروری اِنتظامات بشمول نشستوں کے اِنتظامات ، پبلک ایڈریس سسٹم ، بلا تعطل بجلی کی فراہمی ، پینے کے پانی ، طبی سہولیات ، صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری اِنتظامات کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کو ہدایت دی کہ جشن آزادی کی تقریبات کے لئے تمام اِنتظامات پہلے سے مکمل کئے جائیں۔اُنہوں نے محکمہ آر اینڈ بی سے کہا کہ وہ سٹیج تیار کریں اور پرچم کشائی کی تیاریاں کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ یوم آزادی کی پروقار تقریبا کے لئے تمام ضروری اِنتظامات بروقت مکمل کریں ۔ اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کو ہدایت دی کہ دستوں کی تیاری اور تربیت جلد اَز جلد شروع کی جائے۔اُنہوں نے تمام سیکٹورل اور ضلعی اَفسروں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اَپنے اَپنے دفاتر میں پرچم کشائی کے علاوہ اَپنے دفاتر اور عمارتوں کو روشن کریں ۔اُنہوں نے ضلع کے بڑے پُلوں کو روشن کرنے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ میں نوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن بانڈی پورہ محمد اشرف حکاک ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ عمر شفیع پنڈت ، سی او سی آر پی ایف تھرڈ بٹالین ، اے سی آر بانڈی پورہ ، جے ڈی پلاننگ بانڈی پورہ ، ڈپٹی ایس پی ڈار ، ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر بانڈی پورہ، پولیس آرمی اور سول اِنتظامیہ کے دیگر متعلقہ اَفسرو ں نے شرکت کی۔










