ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے گریز میں مختلف عوامی وفود سے تبادلہ خیال کیا

ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے گریز میں مختلف عوامی وفود سے تبادلہ خیال کیا

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے ڈاک بنگلہ گریز میں پنچایتی راج اِداروں ( پی آر آئی ) ، ہوٹل والوں ، ٹھیکیداروں ، ٹرانسپورٹروں اور گریز سب ڈویژن کے تاجروں پر مشتمل مختلف عوامی وفود کے ساتھ تفصیلی اِستفساری گفتگو کیا۔میٹنگ کا مقصد مقامی شراکت داروں کو اَپنی شکایات اور تجاویز ضلع ترقیاتی کمشنر کے ساتھ شیئر کرنے اور ان کے حل کے طریقو ں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے حاضرین کے مسائل کو بغور سنا اور ان کے مسائل کے حل میں اِنتظامیہ کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔دورانِ میٹنگ پی آر آئیز نے ہیلتھ کیئر سہولیات ، تعلیمی اِداروں اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری جیسے مختلف مسائل کے بارے میں تشویش کا اِظہار کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اُنہیں خطے میں ان سہولیات کی فراہمی کے عزم کا یقین دِلایا اور اِنتظامیہ اور مقامی نمائندوں کے درمیان ہم آہنگی اور اے ڈی ایف ، کیپکس کے تحت سرکاری فنڈز کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ہوٹل والوں، ٹھیکیداروں، ٹرانسپورٹروں اور تاجروں نے بھی اپنے کاروبار کے بارے میں اپنے تحفظات اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کی ضرورت پر اظہار خیال کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے انہیں ان کے حقیقی مطالبات کے حل کے لیے مکمل تعاون اور یقین دہانی کی۔ڈاکٹر اویس احمد نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ گریز کی ترقی کے لئے پُر عزم ہے اور علاقے کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں کوئی دقیقہ فرو گذشت نہیں کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ وہ یہاں کے لوگوںکو درپیش چیلنجوں سے آگاہ ہیں اور ان مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے مقامی نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرما، ایس ڈی ایم گریز ڈاکٹر مدثر ، اے ایس پی سندیپ بھٹ کے علاوہ اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران موجود تھے۔