ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے موسم سرما کی تیاریوں کا جائزہ لیا

اَفسروں سے آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی تاکید کی

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان راتھر نے موسم سرما کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اَفسروں کے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں آنے والے دِنوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کا مقصد اِنتظامیہ اور مشینری کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متحرک کرنا ہے۔میٹنگ میں اے ڈی سی بانڈی پورہ محمد اشرف بٹ، پی ایچ ای، پی ڈی ڈی، آر اینڈ بی، ایم ای ڈی، پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹو انجینئروں اور سول انتظامیہ اور پولیس کے دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں ایس ڈی ایم گریز اور سنبل اور متعلقہ تحصیلداروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ حصہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع بھر میں موسم سرما کی مجموعی تیاریوں بشمول بجلی کی صورتحال، اشیائے ضروریہ کا سٹاک، صحت سہولیات، راشن، ایندھن، رسوئی گیس اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کے علاوہ برفباری کی صورت میں گاڑیوں، ایمبولینسوں وغیرہ کی بلاتعطل ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر میں بروقت برف ہٹانے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کے آغاز میں احتیاطی تدابیر اِختیار کرنے پر زور دیا تاکہ تجارت، ٹرانسپورٹ، ضروری سامان اور دیگر معمول کے کاموں کے علاوہ تمام ضروری تنصیبات پر معمول کا کام متاثر نہ ہوں۔اُنہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ موسمی خرابیوں کے بروقت اَزالے اور برفباری کی وجہ سے پانی، بجلی کی فراہمی اور سڑکوں کی بندش میںحائل رُکاوٹوں کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کے لئے جوانوں اور مشینری کو تیار رکھیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ فوری رسپانس سسٹم کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو ضروری خدمات کی بغیر کسی پریشانی کے فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اوراُنہوں نے ہدایت دی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرتے وقت رسپانس ٹائم کو کم سے کم کیا جائے۔اُنہوں نے برف ہٹانے کے حوالے سے کی گئی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ کوجانکاری دی گئی کہ ایم ای ڈی، یو ایل بیز، آر اینڈ بی، پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے ضلع کے تمام سب ڈویژنوں میں مختلف مقامات پرسنو کلیئرنس مشینیں تیار رکھی گئی ہے جبکہ شدید برفباری کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع ہیڈکوارٹروں میں کچھ مشینوں کو سٹینڈ بائی موڈ میں رکھا گیا ہے۔