ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے محکمہ ریونیو کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج ضلع میں محکمہ ریونیو کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں محکمانہ کارروائیوں کی کارکردگی، شفافیت اورمؤثریت اور رہائشیوں پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر اویس احمد نے محکمہ کے افسروں اور عملے کے ارکان سے بات چیت کی اور ان کے کردار، ذمہ داریوں اور چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے ریونیو ایڈمنسٹریشن کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیاجن میں 5 مرلہ اَراضی کی الاٹمنٹ، لینڈ ریکارڈ، میوٹیشن پروسسز،حصول اَراضی اور اہم دستاویزات جیسے کہ ریونیو ایکسٹرکٹ اور اِنکم سر ٹیفکیٹ کااجرأ شامل ہے۔میٹنگ میں نظام میں کسی بھی رُکاوٹ کی نشاندہی کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال ہوا کہ محکمہ ریونیو کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات قابل رسائی، مؤثر اور لوگوں کی ضروریات کے مطابق ہیں۔میٹنگ میں زمین کی الاٹمنٹ کے مختلف پہلوؤں بشمول اہلیت کے معیار، دستاویزات کے طریقہ کار اور عمل درآمد کے لئے ٹائم لائن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دورانِ میٹنگ لینڈ ریکارڈ اور دیگر اِی ۔سروسز کے ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمدنے محکمہ ریونیو کے کام کاج میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیا اوراُنہوں نے اَفسران سے کہاکہ وہ ریکارڈ کیپنگ اور خدمات کی فراہمی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اَپنائیں۔اُنہوںنے زیر التوأ اراضی تنازعات کو حل کرنے اور متاثرہ فریقین کو بروقت اِنصاف کی فراہمی کے لئے مقدمات کو جلد نمٹانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے ان مسائل کو حل کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔میٹنگ میں اے ڈی سی بانڈی پورہ عمر شفیع ، اے سی آر بانڈی پورہ شبیر احمد، ایس ڈی ایم سنبل، ایس ڈی ایم گریز، تحصیلدار، بی ڈی او، میونسپلٹیوںکے اَفسران کے علاوہ محکمہ ریونیو کے متعلقہ افسران بشمول اراضی کی الاٹمنٹ اور سماجی بہبود کے سینئر افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔