ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے شادی پورہ ٹرانزٹ کیمپ میں اَقامتی اور سہولیات کا جائزہ لیا

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے شادی پورہ میں اَمرناتھ یاتریوں کے لئے ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا اور ان یاتریوں کے لئے دستیاب اقامتی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا جنہیں بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا اور یاترا کچھ دِنوں سے روک دی گئی تھی۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر اویس احمد نے کیمپ میں قیام و طعام ، لنگر، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب سمیت تمام اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہا رکیا اور کہا کہ اُنہوں نے یاتریوں کے آرام سے قیام کے اِنتظامات کو مزید بہتر کیا ہے ۔ اُنہوں نے ٹرانزٹ کیمپ میں بستروں اور ریفریش پوائنٹس کو بڑھانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے صحت خدمات ، طبی سہولیات اور دیگر اِ ن ڈور اور آئوٹ ڈور اِنتظامات کابھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اِس طرح کے اِنتظامات جاری رہیں گے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ یاترا کیمپ کے بستروں کی گنجائش کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ سطح تک بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ موسم کی خرابی کی وجہ سے یاترا روکنے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو جگہ دی جاسکے۔