ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب سے متعلق میٹنگ منعقد کی

بانڈی پورہ / /ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج ضلع بانڈی پورہ میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کے پی ڈی سی ایل کے افسران نے بتایا کہ ضلع میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب شروع کی گئی ہے ۔اِس کے علاوہ مرحلہ وار بانڈی پورہ میں سمارٹ میٹرنگ پروجیکٹوں کی صورتحال پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی گئی۔میٹنگ میں عمل درآمد کی صورتحا۔ بانڈی پورہ میں سمارٹ میٹرنگ کے لئے شناخت کئے گئے فیڈروں ، فیڈروائز میٹر کی تنصیب ، فیلڈ ایکٹیویٹی پروگریس ، فنڈنگ اور پروجیکٹوں کے لئے روڈ میپ پر تبادلہ خیال ہوا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اور پولیس کو ہدایت دی کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے عمل میں کسی بھی شخص کی مزاحمت سے احسن طریقے سے نمٹاجائے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی شخص رُکاوٹیں پیدا کرتا ہے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچاتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سمارٹ میٹرنگ کی اِفادیت اور فوائد کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی بھی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے حوالے سے لوگوں کو تحریک دینے کے لئے رائے عامہ کے رہنمائوں ، مذہبی رہنمائوں ، محلہ کمیٹیوں ، ٹریڈ رس فیڈریشنوں اور سماجی کارکنوں کو شامل کیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ کام کی انجام دہی کے حوالے سے پیغام بلند اور واضح ہونا چاہئے۔ اِس کے علاوہ سوشل میڈیا اور دیگر چینلوں کو سمارٹ میٹروں کے فوائد سے عوام الناس کو آگاہ اور حساس بنانے کے لئے اِستعمال کیا جانا چاہئے۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی علی افسر خان ، اے ڈی سی عمر شفیع ، ایگزیکٹیو اِنجینئر کے پی ڈی سی ایل بانڈی پورہ سنبل ، ڈی وائی ایس پی ڈار اور دیگر متعلقہ اَفسروں اور وینڈر ایجنسی کے نمائندوں نے شرکت کی۔اِس دوران میٹنگ میں اے سی آر بانڈی پورہ ، ایس ڈی ایم سنبل ، تحصیل دار سنبل ،حاجن اور اِی او ایم سی حاجن نے بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔