بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان نے آج ضلع بھر کے متعدد امتحانی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا جہاں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کی جانب سے سپروائزر کے عہدے کے لئے اِمتحان کا اِنعقاد کیا گیا تھا۔اس دورے کا مقصد امتحان میں شفاف اِنعقاد، پروٹوکول کی پابندی اور شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔اِس امتحان میں سینکڑوں اُمیدوار شریک ہوئے جن کے لئے ضلع بانڈی پورہ میں 13 اِمتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے گرلز ہائیر سیکنڈری سکول پلان، ہائی سکول باغ، ایچ کے ایم کالج پوتوشے اور ہائیر سیکنڈری سکول منتریگام کے اِمتحانی مراکز کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے معائینے کے دوران عملے کے ساتھ بات چیت کی اور اِمتحانی عمل کے دوران دیانتداری اور شفافیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کے ہمراہ اے ڈی ڈی سی محمد اشرف بٹ، تحصیل دار اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔










