بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان راتھر نے ضلع میں ہوجامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی) کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار ڈی ایل آئی سی میٹنگ کی صدارت کی۔دوران میٹنگ محکمہ زراعت کے 353،محکمہ مویشی پالن کے 67 معاملات اور محکمہ باغبانی کے 3 معاملات زیر غور آئے اورتفصیلی بحث و تمحیص کے بعد کمیٹی نے تمام معاملوں کی منظوری دی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی )کے آغاز سے لے کر اَب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور بیجوں کی تقسیم،ہیلتھ سوئیل کی جانچ، آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مائیکرو آبپاشی منصوبوں، زرعی میکانائزیشن، کسانوں کی تربیت کے پروگراموں اور مارکیٹ روابط جیسے اہم شعبوں میں پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔اُنہوں نے ایچ اے ڈی پی میں شامل مختلف محکموں بشمول زراعت، باغبانی، مویشی پروری، بھیڑ پالن، ماہی پروری، دیہی ترقی، پنچایت راج اِداروں (پی آر آئیز) اور کسان نمائندوں کے درمیان قریبی تال میل کی اہمیت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے کہاکہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے پی ڈی )کی سرگرمیوں کی مناسب منصوبہ بندی، عمل درآمد اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے موثر تعاون بہت ضروری ہے۔ اُنہوں نے صلاحیت سازی کے اقدامات پر توجہ مرکوز کرنے، کسانوں کو علم اور ہنر سے بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ اختراعی طریقوں اور بدلتے ہوئے زرعی مناظر کو اَپنا سکیں۔میٹنگ میں زراعت، باغبانی، سیری کلچر، اینمل ہسبنڈری ، شیب ہسبنڈری، ایل ڈی ایم بانڈی پورہ اور دیگر فیلڈ افسران کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔










