بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے ڈاک بنگلہ میں بارہمولہ قصبہ میں ٹریفک کی بھیڑ پر قابو پانے اور ٹریفک کو بہتر کرنے کے اور عید سے قبل بازار کے نرخوں پر مناسب نظر رکھنے کے لئے ایگزیکٹیو آفیسر ایم سی توصیف رینہ اور دیگر متعلقہ معززین کی موجودگی میں پولیس ، ٹریفک اور سول اَفسران پر مشتمل دو دستوں کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے ضلع میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مین بازار میں ٹریفک کی بھیڑ اور عوام کو درپیش مختلف مسائل سے بچنے کے لئے ایک مناسب طریقۂ کار وضع کیا گیا ہے۔اُنہوں نے ٹریفک اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کے مناسب اِنتظام کے لئے وضع کردہ پلان پرسختی سے عمل در آمد پر زور دیا اور خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ سکارڈ ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹائون میں ٹریفک کو مزید مؤثر طریقے سے ریگولیٹ کریں اور بھیڑ کو کم کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹیمیں ٹریفک کے ہاٹ سپاٹ علاقوں کی تلاشی لیں گی اور اِس کو منظم کرنے کے لئے سخت کارروائی کریں گی۔اُنہوں نے اَفسران کو سڑک کنارے تجاوزات ہٹانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ٹریفک حکام کو ضلع بھر میں موٹر وہیکل ایکٹ کی عمل آوری کو بڑھانے اور مرکزی راستوں پر چیکنگ تیز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سڑک پر غیر قانونی طور پر کھڑی گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور سڑک پر ٹریفک میں حائل رُکاوٹوں کو دُور کرنے کی بھی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے مارکیٹ چیکنگ کے حوالے سے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ضلع بھر میں مارکیٹ چیکنگ کو تیز کیا جائے تاکہ مارکیٹ ریٹ پر مناسب نظر رکھی جاسکے ۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ ضلع بھر میں ریستورانوں ، بیکری اور کنفیکشنری اور دیگر کھانے اور سبزیوں کی دکانوں کا معائینہ کریں۔










