بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے افسران کی ایک ٹیم کے ساتھ بارہمولہ قصبے کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ موجودہ بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا جاسکے اور بہتری کے لئے علاقوں کی نشاندہی کی جاسکے۔دورے کے دوران قصبے کی فعالیت اور جمالیاتی کشش کو بڑھانے کے مقصد سے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل بارہمولہ نوید اعجاز، ایگزیکٹو اِنجینئر آر اینڈ بی رئیس اسلم مخدومی اور دیگر متعلقہ افسران اور اِنجینئران بھی موجود تھے۔اُنہوں نے ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل بارہمولہ کو ہدایت دی کہ وہ کریپا پارک فرنٹ سے تمام کمرشل گاڑیوں کو ہٹا کر انہیں بارہمولہ کے مرکزی بس سٹینڈ میں بحال کریں۔اِس اَقدام کا مقصد پیدل چلنے والوں کے لئے زیادہ دوستانہ ماحول پیدا کرنا اور مسافروں کے لئے آزادانہ روانی کو یقینی بنانا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آزاد جنگ میں آر اینڈ بی کے ایگزیکٹیو آفیسر اور ایگزیکٹیو انجینئر کو دریائے جہلم کے کنارے سائیکل ٹریک تیار کرنے کی ہدایت دی۔ مزید برآں، علاقے کے تمام ٹین شیڈز کو ہٹا دیا جائے تاکہ ارد گرد کی مجموعی خوبصورتی اور صفائی کو بہتر بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کوکر حمام میں افسران کو ہدایت دی کہ وہ بچوں کی پارک، اوپن جم اور سوئمنگ پول کی تعمیر کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کریں۔ اِن سہولیات کا مقصد عام لوگوں کے لئے تفریحی مواقع فراہم کرنا اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پورے مرکزی قصبے میں فعال عوامی بیت الخلأکو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل اور ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی قصبے میں قومی شاہراہ کے ساتھ برم علاقوں کی میکڈیمائزیشن کے عمل کو آگے بڑھائیں۔توقع ہے کہ اس اقدام سے ٹریفک کی بھیڑ میں کمی آئے گی اور گاڑیوں کی آسان روانی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔










