ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے سری نگر ۔ بارہمولہ این ایچ 1 فورلین کے توسیعی کام کا جائز ہ لیا

بارہمولہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے آج اَپنے دورے کے دوران سری نگر ۔بارہمولہ قومی شاہراہ 1 بالخصوص ناربل سے اوڑی تک جاری تعمیراتی اور سڑکوں کو چوڑا کرنے کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر اور افسران کی ایک ٹیم نے خان کیو پورہ بائی پاس،دلنہ فلائی اوور، سنگراما فلائی اوور، پٹن بائی پاس، ناربل ومیرگنڈ پیکیج 1۔بی، ہمرے اور دیگر کلیدی تعمیراتی مقامات کا جامع معائینہ کیا ۔عمل در آمد کرنے والے افسران نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو موجودہ صورتحال، پیش رفت، متوقع ٹائم لائن، رُکاوٹوں اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق مختلف پہلوؤں پر مشتمل ایک تفصیلی جائزہ فراہم کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ پر کام تیزی لائیں اور اسے مقررہ وقت میں مکمل کریں تاکہ مسافروں کو سفر کے وقت میں نمایاں کمی اور فائدہ پہنچے گا۔ منگاشیرپا نے مختلف محکموں کے افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام میں حائل رُکاوٹوں کو فوری طور پر دور کریں تاکہ منصوبے کی ہموار اور بروقت پیش رفت کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سری نگر۔بارہمولہ۔اوڑی قومی شاہراہ نہ صرف ٹرانسپورٹیشن کے لحاظ سے گہری اہمیت رکھتی ہے بلکہ پورے خطے کے لئے اقتصادی ترقی اور مؤثر رابطے کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ظہور احمد رینہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، سپرانٹنڈنگ انجینئران پی ڈبلیو ڈی، او اِی بیکن اور مختلف محکموں کے دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔