بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے آج نوڈل آفیسر ایس اے رینہ جوایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور بھی ہیںکے ہمراہ ضلع بھر کے مختلف اِمتحانی مراکز کا تفصیلی معائینہ کیا۔یہ اَقدام جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے ذریعے منعقدہ سپروائزر اِمتحانات کے آسان اور شفاف اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا تھا۔اِنسپکشن کا مقصد اِمتحانات کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بناتے ہوئے اُمیدواروں کے لئے کی گئی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بیٹھنے کے اِنتظامات، حفاظتی اقدامات اور امتحانی ہالوں میں پینے کے پانی، ابتدائی طبی امداد اور مناسب روشنی جیسی ضروری سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔مِنگا شیر پانے دورے کے دوران اِمتحانی عملے کے ساتھ بات چیت کی تاکہ جے کے ایس ایس بی کی طرف سے مقرر کردہ معیاری پروٹوکول اور رہنما اَصولوںکے نفاذ کی تصدیق کی جاسکے ۔اِس طریقۂ کار کا مقصد کسی بھی ممکنہ مسئلے کو حل کرنا اور اِمتحانی طرزِ عمل کے اعلیٰ ترین معیار ات کو یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے اپنے بیان میں امتحانی عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ امتحان منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد کیا جائے اور تمام اُمیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔نوڈل آفیسر ایس اے رینہ نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ میں رجسٹرڈ کل 11,506 اُمیدواروں میں سے 8,810 نے اِمتحان میں شرکت کی۔ اُمیدواروں نے ایک منظم اِمتحانی عمل کو یقینی بنانے میں انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔










