ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے جل جیون مشن کے تحت کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا

کہا،اَفسران بروقت اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے ضلع میں جل جیون مشن سکیم کی مؤثر عمل آوری کی پیش رفت کا جائز ہ لینے کے لئے ڈی سی آفس کمپلیکس میں متعلقہ اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ابتداً ، ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَپنے اِفتتاحی کلمات میں زور دے کر کہا کہ جل جیون مشن سکیم کی عمل آوری کی ضلع اِنتظامیہ بارہمولہ کی طرف سے یومیہ بنیاد پر نگرانی کی جارہی ہے اور اِس بات کو یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کی جاری ہے کہ جل جیون مشن سکیم کے تحت کئے گئے تمام کاموں میں صد فیصداہداف حاصل ہو۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے جل جیون مشن کے تحت چلائے جانے والے کاموں کی طبعی اور مالیاتی پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 1.45 لاکھ گھرانے جل جیون مشن کے تحت آنے والے ہیں جن کے لئے 209کام پہلے سے ہی تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔اِس طرح کاموں کی 70 فیصد پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع میں اَب تک 1,01,748 گھرانوں کو پورٹ ایبل واٹر کنکشن فراہم کیا گیا جبکہ مقررہ ہدف 1,45,675 ہے ۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے کہا کہ جل جیون مشن تمام گھرانوں کا اَحاطہ کرنے کا ایک برا فلیگ شپ پروگرام ہے ۔اُنہوں نے تمام اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہم آہنگی سے کام کریں اور اَپنے علاقوں میں جل جیون مشن کے کاموں کو آسانی سے اَنجام دینے کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام گھرانوں کو نلکے کے پانی سے جوڑا جائے ۔ اِس کے علاوہ ضلع بھر میں جل جیون مشن سکیم کے تحت تمام زیر اِلتوأ سکولوں ، آنگن واڑی مراکز ، صحت مراکز اور پنچایت گھروں کو بھی نلکے کے پانی کے کنکشن فراہم کئے جائیں ۔دریں اثنا ، مختلف مسائل او ررُکاوٹوں پر جامع طور پر تبادلہ خیال ہوا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے سڑکوں کی کٹائی کی اِجازت کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اَفسران کو عوام کو کم سے کم تکلیف کے ساتھ کام جاری رکھنے کی تاکید کی۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ اَپنی کوششوں کو دوگنا کریں تاکہ مقررہ مدت میں صد فیصد سیچوریشن اور مطلوبہ ہدف حاصل کیا جاسکے ۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محمد یوسف راتھر ، جل شکتی اور آر اینڈ بی محکموں کے سپر اِنٹنڈنگ اِنجینئران ، چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ ، چیف میڈیکل آفیسر ، ڈی ایف اوز ، جل شکتی اور آر اینڈ بی محکمہ ایگزیکٹیو اِنجینئر ان موجود تھے۔