ضلع کے دُور دراز او ر دُور افتادہ علاقوں کی مساوی ترقی کیلئے پُر عزم ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج ایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرما کے ساتھ علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے وادی گریز کا دو روزہ مراتھن دورہ شروع کیا۔گریز کے مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کا والہانہ استقبال کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے اور عوام کے لئے ان کی دہلیز پر آنے پر ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکر اَدا کیا۔دورے کے دوران مقامی لوگوں ، پی آر آئی کے ارکان ، متعدد وفود اور سول سوسائٹی نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے ملاقات کی اوران کے مختلف مطالبات اور مسائل کا اَزالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈاکٹر اویس احمد نے سب ڈویژن کے اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور ان پر عمل در آمد پرتبادلہ خیال ہوا ۔میٹنگ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ گریزڈاکٹر مدثر ، محکموں کے سربراہان اور دیگر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ی قینی بنایا جائے اور کام کے معیار کو برقرار رکھا جائے ۔اُنہوں نے اُنہیں نئے منصوبوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی جس سے مقامی آبادی کو فائدہ پہنچے اور علاقے میں خوشحال آئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ترقیاتی عمل میں مقامی کمیونٹی کو شامل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اَفسران سے کہا کہ وہ فیصلہ سازی میں اَپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں کے کام میں تیزی لائیں تاکہ عوام جلد اَز جلد اس سے مستفید ہو سکیں۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے شیپ ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ کو مویشیوں کی موسمی نقل مکانی کے لئے مناسب منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے مویشیوں کی ویکسی نیشن کے لئے پہلے سے ضروری اقدامات اُٹھانے پر زور دیا۔ڈاکٹر اویس احمد نے محکمہ صحت سے کہا کہ وہ سب ڈویژن میں ہیلتھ کیئر کی خدمات کو بہتر بنائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔اِس موقعہ پر جل شکتی محکمہ کے اَفسران نے بتایا کہ جے جے ایم کے کام جلد ہی سب ڈویژن میں شرو ع ہونے والے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے تعلیمی معیار کو بہتربنانے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے محکمہ تعلیم کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سب ڈویژن کے تمام تعلیمی اِداروں میں نشا مکت بھارت ابھیان ( این ایم بی ) کے تحت بیداری سیشن منعقد کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے خصوصاً نوجوانوں کو منشیات کے اِستعمال کے جان لیوا اثرات کے بارے میں بیداری فراہم کرنی ہوگی ۔اُنہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں وادی کو منشیات سے پاک قرار دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ضلع بھر میں منشیات کی بدعت پر قابو پانے کے لئے پُرعزم ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ اویس احمد نے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اِظہار کیا او رپروجیکٹوں کے اِنچارج افسران کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے وادی گریز کے لوگوں کو یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ علاقے کی مجموعی ترقی کے لئے پُر عزم ہے اور اِس کے لئے کام جاری رکھے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کا وادی گریز کا دورہ ضلع کے دُور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں تک پہنچنے اور ان کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنانے کی اِنتظامیہ کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔










