اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم نے آج ضلع کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ اَپنے آدھار کو اَپ ڈیٹ کرنے کے مفت موقعہ سے فائدہ اُٹھائیں۔اُنہوں نے ضلع کے تمام باشندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اِس موقعہ کا فائدہ اُٹھائیں اور اَپنے آدھار دستاویزات کو مفت میں آن لائن اَپ ڈیٹ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس سے نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت ہوگی بلکہ اِس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ آدھار کی معلومات تازہ ترین اور درست ہیں ۔ اُنہوں نے آن لائن خدمات تک رَسائی کے لئے آدھار میں موبائل نمبر کو اَپ ڈیٹ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔غور طلب ہے کہ یونیک آئیڈینٹی فکیشن اَتھارٹی آف اِنڈیا ( یو آئی ڈی اے آئی ) نے عوام پر مبنی فیصلہ کیا ہے تاکہ رہائشیوں کو اَپنے آدھار دستاویزات کو مفت میں آن لائن اَپ ڈیٹ کرنے کی اِجازت دی جائے ۔ اِس اقدام سے لاکھوں باشندوں کو فائدہ ہوگا۔یو آئی ڈی اے آئی مکینوں کوڈیجیٹل اِنڈیا پہل کے ایک حصے کے طور پر ’’ مائی آدھار ‘‘ پورٹل پر مفت دستاویز اَپ ڈیٹ کی سہولیت سے فائدہ اُٹھانے کی ترغیب دے رہا ہے ۔ یہ مفت سروس اَگلے تین ماہ یعنی 15 ؍ مارچ سے 14؍ جون 2023 تک دستیاب رہے گی۔واضح رہے کہ یہ سروس صرف ’’ مائی آدھار‘‘ پورٹل پر مفت ہے اور فزیکل آدھارمراکزپر 50روپے کی فیس وصول ہوتی رہے گی جیسا کہ پہلے ہوتا تھا۔










