اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد نے میڈیا برادری کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا جس میں ڈی آئی او اننت ناگ اور جنوبی کشمیر میں الیکٹرانک ، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے تمام نمائندوں نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے جمہوریت کے چوتھے ستون کے طورپر میڈیا کے اہم کردار پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا کس طرح اِنتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک پُل کے طور پر کام کرتے ہوئے آرأ اور خیالات کو تشکیل اور متحرک کرتا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سماجی تحفظ کی مختلف سکیموں میں صحافیوں کے کردار کی تعریف کی جن میں کووِڈ۔19 ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، اِنتخابی اِندراج مہم، نشامُکت بھارت اور سوچھ بھارت ابھیان شامل ہیں۔اُنہوں نے میڈیا برادری کو اِنتظامیہ کی آنکھ اور کان قرار دیا۔اُنہوں نے میڈیا برادری سے اپیل کی کہ وہ سماجی برائیوں کی حوصلہ شکنی کریں جو مہذب اِنسانی معاشرے کے معاشرتی تانے بانے اور اخلاقیات کو خراب کرسکتی ہیںجس میں منشیات کی لت ، بھنگ کی کاشت اور اِس طرح کے دیگر مسائل شامل ہیں۔اِستفساری سیشن کے دوران میڈیا برادری نے اَپنا تعارف کرایا اور اننت ناگ میں پریس کلب کی تعمیر، اَفسران اور میڈیا کے درمیان بہتر تال میل کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ضلع کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کسی بھی مرحلے پر اَپنے تعاون کا یقین دِلایا۔ میڈیا برادری نے محکمہ اطلاعات کے تعاون ور ورک کلچر کو سراہا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اننت ناگ میں مزید خوشحالی اور ترقی کے لئے میڈیا برادری سے تال میل اور تعاون کی خواہش کی ۔ ڈی آئی او اننت ناگ اور میڈیا برادری نے استفساری میٹنگ کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ اَدا کیا۔










