اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد نے آج لارکی پورہ میں منعقدہ بلاک دیوس کی صدارت کی۔پی آر آئی کے اراکین اور لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے علاقے کے مختلف ترقیاتی پہلوئوں کے حوالے سے اَپنی تجاویز پیش کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ عام اور حقیقی نوعیت کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر شرکت اور لوگوں کا مثبت ردِّعمل بلاک دیوس کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو بلاک دیوس میں پیش کردہ مسائل کے اَزالے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے نشا مُکت بھارت اور سوچھ گرام جیسے اقدامات میں فعال حصہ لینے اور اُنہیں عوامی تحریکوں میں تبدیل کرنے کے لئے لوگوں کا شکر یہ اَدا کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ روزگار پیدا کرنے کی سکیموں کے بارے میں بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہوسکیں۔ اِس کے علاوہ متعلقہ اَفسروں کو باغبانوں اور کاشت کاروں کو تکنیکی رہنمائی کرنے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ منصوبہ بند کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے محکمانہ ہم آہنگی اور تعاون کریں۔ایس ایف حامد نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ بہتر سہولیات کی فراہمی اور زندگی میں آسانی پیدا کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔پروگرام میں سی ایم او ، جے ڈی پلاننگ، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ، پی ڈی ڈی ، پی ایچ اِی او رآر اینڈ بی کے ایگزیکٹیو اِنجینئران ، بی ڈی او ، تحصیل دار اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر اَفسران کے علاوہ مقمی لوگوں نے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے کعبہ مرگ اورلکبووَن کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں اور ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ جاری کاموں کے عمل میں تیزی لائیں۔










