اَفسران کو بازار میں ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے اور مارکیٹ چیکنگ کو تیز کرنے کی ہدایت
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد نے آج عید الاضحی کی آمد کے لئے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو تمام ضروری سہولیات بشمول قربانی کے جانوروں کی مقررہ جگہوں پر دستیابی اور منڈی میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اَفسروں کو ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے اور تاجروں سے اوور چارجنگ کو روکنے کے لئے مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دیں جو تحصیل دار کی سربراہی میں ہوں گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عید الاضحی کے موقعہ پر ضلع بھر میں بالخصوص زیارت گاہ کعبہ مرگ ، عشمقام ، بمزو ، خرم وغیرہ سمیت تمام درگاہوں پر بجلی ، پانی ، ٹریفک ، عید الاضحی کے دوران بسوں کی مناسب تعداد اور مخصوص پارکنگ ائیریاز کی نشاندہی کرنے اورصفائی ستھرائی کی بہتر فراہمی کی بھی ہدایت دی ۔اُنہوں نے عبادت گاہوں ، عید گاہوں اور ضلع کے دیگر اہم مقامات کے گرد و نواح میں صفائی ستھرائی کے لئے سینٹری ورکروں کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام اہم مقامات پر ایمبولینسوں کے ساتھ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ایڈیشنل ایس پی ، اے ڈی سی ، سی ایم او ، شیپ ہسبنڈری ، ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ایس ایم سی ، لیگل میٹرولوجی ، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی ، بی ایم اوز ، اے ڈی ٹوراِزم ، ایم سی کے اِی اوز اور لائن ڈیپارٹمنٹوں کے اَفسران نے شرکت کی۔










