افسران کو تقریبات کے پُرامن اِنعقاد کیلئے جامع اِنتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت
کولگام //ضلع ترقیاتی کمشنرکولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے منی سیکرٹریٹ میں منعقدہ افسران کی میٹنگ میں یوم جمہوریہ تقریب 2024 ء کی تقریبات کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس قومی تقریب کے احسن اِنعقاد کے لئے وسیع تر اِنتظامات کریں۔ میٹنگ میںسیکورٹی، نشستوں کی جگہ، کار پارکنگ، ٹرانسپورٹیشن اور عمارتوں کی چراغاں، ریفریشمنٹ کے علاوہ شرکأکے لئے رہائشی اِنتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ مرکزی تقریب ڈی پی ایل کولگام میں منعقد کی جائے گی اور مرکزی تقریب کے دوران مہمان خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے جس کے بعد جے کے پی، سی آر پی ایف، این سی سی، پولیس بینڈ، خواتین کے دستے، این سی سی اور سکولی بچوں پر مشتمل پریڈ ہوگی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے احسن اِنعقاد کے لئے پیشگی اِنتظامات کریں۔متعلقہ محکموں سے کہا گیا کہ وہ موجودہ سرد موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بغیر کسی پریشانی کے ریہرسل اوریوم جمہوریہ تقریبات کے لئے گرمائش کے اِنتظامات کریں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افسران اور ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ قومی تقریب کے انتظامات کرتے ہوئے قریبی ہم آہنگی برقرار رکھیں۔کے پی ڈی سی ایل کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور مقام پر سٹینڈ بائی ڈی جی سیٹ لگانے کی ہدایت دی گئی۔میونسپلٹی او رپاور ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ قصبے کی اہم عمارتوں کو روشن کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفراد کو رنگارنگ ثقافتی پروگرام ترتیب دینے کی بھی ہدایت دی ۔ایگزیکٹو اِنجینئرایم اِی ڈی کو ہدایت دی گئی کہ وہ کسی بھی برفباری کی صورت میں بروقت برف کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے اَفرادی قوت اور مشینری کوتیاری کی صورت میں رکھیں۔ ضلع کے تمام محکموں اور اِداروں کے سربراہان کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے دفاتر اور اِداروں میں قومی پرچم لہرائیں۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی شوکت احمد راتھر، اے ڈی سی وقار احمد گیری، ڈی پی او عبدالرشید داس، جے ڈی پی زاہد سجاد،اے سی ڈی محمد عمران، ایس ڈی ایم نورآباد بشیر الحسن، جی ایم ڈی آئی سی بشیر احمد، پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹیو انجینئران، آر اینڈ بی، سی ای او، سی ایم او، پولیس، آرمی، سی آر پی ایف اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










