اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد نے آج ضلع اننت ناگ کے خوبصورت شہر کوکر ناگ سے ’’ نگر دیوس ‘‘ پروگرام کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ نَگر دیوس‘‘ ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے شروع کی گئی ایک پہل ہے جس کا مقصد متعلقہ محکموں اور شہری بلدیاتی اِداروں کے درمیان مسلسل اور اِدارہ جاتی رابطہ کاری کو یقینی بنانا ہے تاکہ تیز رفتار اور شہری نظم و نسق کو بہتر بنایا جاسکے۔دیوس میں ایم سی صدر کوکر ناگ ، یو ایل بی کوکر ناگ کے کونسلروں ، ایس ڈی ایمز ، تمام لائن ڈیپارٹمنٹوں کے ملازمین اور عام لوگوں نے شرکت کی۔دوران دیوس عوام اور ان کے نمائندوں نے شہر میں موجودہ ترقیاتی منظر نامے اور اِنتظامیہ سے اَپنی توقعات کے بارے میں اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔اِس کے بعد تمام شراکت داروں کے درمیان موجودہ سال کے پلان اور آگے کے راستے پر تفصیلی استفساری گفتگو ہوئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے سیشن کی صدارت کرتے ہوئے سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع اِمکانات پر زور دیا اور کوکر ناگ کے مواقع پر روشنی ڈالی۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے جاری کاموں بالخصوص ڈگری کالج کا جائزہ لینے کے لئے لارنو کے علاقے کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کی۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت میںکام مکمل کریں۔










