سری نگر//شمالی ضلع بانڈی پورہ کے مضافاتی خوبصور ت علاقہ ہارٹینگ میں ایک لنک روڑ کی تعمیروتجدید کامعاملہ محکمہ دیہی ترقی اورمقامی آبادی کے درمیان باعث نزاع بن گیا ہے ،کیونکہ لوگوں کے بقول تقریباًڈیڑھ کلو میٹر مسافت والے اس روڑ کی تجدید کار ی کے کام کوٹھیکیدار نے یہ کہہ کرادھورا چھوڑ دیاہے کہ اُس کے پاس فنڈس نہیں ہیں ۔جے کے این ایس کوچھانہ محلہ ہارٹینگ بانڈی پورہ کے لوگوںنے بتایاکہ یہاں تقریباًڈیڑھ کلومیٹر مسافت والے ایک لنک روڑ کی تجدید کاری کاکام محکمہ دیہی ترقی نے اپنے ہاتھ میں لیا ،اورباضابطہ ٹینڈر کے بعدیہ کام ایک ٹھیکیدار کوالاٹ کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ چھانہ محلہ ہارٹینگ لنک روڑ کی تجدیدکاری کے کام پرلاگت کاتخمینہ7لاکھ روپے لگایا گیا۔لوگوںنے بتایاکہ مختص رقومات کو اس روڑ کے دونوں اطراف ضرورت کے مقامات پرپختہ دیوار بندی ،بھرائی اورپھر تارکول بچھانے پر خرچ کرناتھا۔انہوںنے بتایاکہ رواں برس ماہ جنوری اورفروری کے دوران متعلقہ ٹھیکیدار نے اس لنک روڑ پرکام شروع کیا اورتقریباً50فٹ روڑ کے دونوںاطراف پختہ دیوار بندی کرائی گئی ۔لوگوںکے مطابق اسکے بعدٹھیکدار نے کام بندکردیا ،اورجب کچھ لوگوںنے اُسے اسکی وجہ پوچھی تواُ س نے بتایاکہ اُس کے پاس فنڈس نہیں ہیں ۔لوگوںکے مطابق لنک روڑ کے کام کوادھورا چھوڑے جانے کامعاملہ انہوںنے جب متعلقہ انجینئروںکی نوٹس میں لایاتوانہوںنے یہ کہہ کراپنے ہاتھ کھڑے کردئیے کہ کام دوبار شروع کرانا متعلقہ حکام کااستحقاق ہے اورہم اسبارے میں کچھ نہیں کرسکتے ۔چھانہ محلہ ہارٹینگ بانڈی پورہ کے لوگوں کوشبہ ہے کہ اس لنک روڑ کی تجدیدکاری کے کام کیلئے مختص 7لاکھ روپے کوشاید ملی بھگت کرکے ہڑپ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوںنے ایل جی انتظامیہ اورڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کرکے اس بات کاپتہ لگائیں کہ آخر ٹھیکیدارنے کیوں کام ادھورا چھوڑ دیا۔مقامی لوگوںنے حکومت اورحکام سے اپیل کی کہ چھانہ محلہ ہارٹینگ لنک روڑ کے تجدید کاری کام کوفوری طورپر دوبارہ شروع کرایا جائے ،تاکہ مقامی لوگوں کونقل وحمل میں مزید دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔










