کولگام//سیاحتی مقام اہرہ بل کو فروغ دینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کولگام نے محکمہ سیاحت کے اشتراک سے پہلا میگا اہرہ بل فیسٹول کا اِنعقادکیا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے شرکت کی۔یہ پروگرام اہرہ بل واٹر فال پارک کے قریب منعقد کیا گیا ہے اور اِس میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن محمد اَفضل پرے اور دیگر ڈی ڈی سی ممبران ، پی آر آئی ممبران ، سیاحوں اور متعدد مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے تمام شرکأ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹول کا مقصد اہرہ بل کے سیاحتی مقام کو قومی اور بین الاقوامی سطح کی روشنی میں لانا ، اہرہ بل اور اس کے مختلف مقامات کی خوبصورتی کو پیش کرنا اور اسے فروغ دینا ہے ۔اِس موقعہ پرناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ محکمہ نے اہرہ بل جیسے ممکنہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اور مربوط کوششیں کی ہیں۔دورانِ فیسٹول رنگارنگ ثقافتی پروگراموں کا اِنعقاد بھی کیا گیا اور فن کاروںنے اَپنے فن کا مظاہرہ کر کے موجود لوگوں اورسامعین کومحظوظ کیا۔لڑکوں کے ایک گروپ نے سائیکلنگ اور ٹریکنگ مقابلوں میں بھی حصہ لیا اور ناظم سیاحت اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے یہاں بس سٹینڈ اہرہ سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔زراعت ، باغبانی ، بھیڑ و پشو پالن ، کے وِی آئی بی ، مگس بانی ، فلوری کلچر اور ہینڈی کرافٹس کے مختلف محکموں اور صنعت کاروں کی جانب سے متعدد سٹالوں بھی لگائے گئے تھے۔اِس موقعہ پر مصوری کا مقابلہ بھی منعقدکیا گیا اور اِس مقابلے میں مختلف سکولوں کے طلاب نے بھی حصہ لیا۔پروگرام کے اِختتام پر سائیکلنگ ، مصوری اور دیگر مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اَنعامات سے نوازا گیا۔










