کولگام//ضلع اِنتظامیہ کولگام نے آج ضلع کے تین بلاکوں میں دیوسر ، کولگام اور ڈی ایچ پورہ عوامی مسائل ، شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے کے لئے میگا بلاک دیوس کا اِنعقاد کیا ۔شکایتی اَزالے پروگراموں میں پی آر آئی کے نمائندوں اور مقامی لوگوں کا زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جنہوں نے بڑی تعداد میں پروگرام کے مقامات کا دورہ کیاتاکہ ان کے مسائل ، شکایات اور مطالبات کو دُور کرنے کے لئے آنے والے اَفسران کے سامنے پیش کیا جاسکے۔دریں اثنا،ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے عوامی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے کے لئے کولگام میں شکایات اَزالہ کیمپ کی صدارت کی۔آگرو ، ٹینگسر گم ، اشتھل ، نگین پورہ اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے شکایات کے اَزالے کیمپ میں شرکت کی اور ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے مسائل اور شکایات کے بروقت اَزالے کے لئے آگاہ کیا۔موقعہ پر موجود اَفسران نے اَپنے محکموں سے متعلق لوگوں کے سوالات اور مطالبات کا جواب دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو بغور سنا اور فوری نوعیت کی شکایات کا موقعہ پرہی اَزالہ کیا۔اِس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کولگام محمد عمران خان نے گذشتہ بلاک دیوس میں اُٹھائے گئے مختلف شکایات اور مسائل پر کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔دریں اثناء ،بلاک دیوسر اور ڈی ایچ پورہ میں شکایات ازالے کیمپوں کا بھی اِنعقاد کیا گیا جہاں اَفسران نے لوگوں کے مسائل او رشکایات سنے اور ان کا اَزالہ کیا۔










