ضلع اِنتظامیہ سانبہ نے تپیال میں شری اَمرناتھ جی یاترا کاگرمجوشی سے اِستقبال کیا

سری نگر//ضلع اِنتظامیہ سانبہ نے آج تپیال میں شری امرناتھ جی یاترا ۔2024 کے پہلے قافلے کا گرمجوشی سے اِستقبال کیا۔ اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر ابھیشیک شرما اور سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس ونے کمار عقیدتمندوں کا اِستقبال کرنے کے لئے موجود تھے۔ سانبہ کے مقامی باشندوں نے بھی یاتریوں کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ بات چیت کی۔اِس تقریب میں اے ڈی سی سریش شرما، ایس ڈی ایم گدھوال سنینا مہتا اور سول اِنتظامیہ ، اَفسران ،سیکورٹی فورسز، مذہبی رہنماؤں اورسرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔ابھیشیک شرما نے عقیدتمندوں کو آرام دہ اور محفوظ یاترا کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ایک خوشگوار روحانی سفر کو یقینی بنانے کے لئے تمام رہنما اَصولوں پر عمل کریں۔یاتریوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا، ضلع اِنتظامیہ اور شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کا اُن کو فراہم کی گئی جامع سیکورٹی، قیام و طعام اور دیگر سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ اَدا کیا۔ جامع اِنتظامات نے شری امرناتھ جی یاترا کے تجربے کوملک کے مختلف حصوں سے آنے والے عقیدت مندوں کے لئے آسان اور محفوظ بنایا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دیگر اَفسروںکے ہمراہ یاتریوں کے ساتھ گفتگو کی اور لنگر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں رائے حاصل کی۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع اِنتظامیہ نے شری امرناتھ شرائین بورڈ ، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مل کر یاتریوں کے لئے قیام و طعام اور دیگر ضروری خدمات کے لئے وسیع اِنتظامات کئے ہیں۔دوپہر کے کھانے سے لطف اندوز ہونے اور نوناتھ اور چیچی ماتا پر آر ایف آئی ڈی جاری کرنے کے بعد یاتریوں نے جموں کی طرف اپنا سفر جاری رکھا۔