سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے ایشیا کے سب سے بڑے باغِ گلِ لالہ میں سیاحوں کے لئے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر فلوریکلچر، ایس ایس پی ٹریفک سری نگر، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، محکمہ سیاحت اور سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں سیاحوں کے لئے باغ کھولنے، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ کی جگہ، صفائی ستھرائی، صفائی مہم، گڑھوں کو ٹھیک کرنے، آن لائن ٹکٹنگ اور دیگر اِنتظامات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔زبرون پہاڑیوں کے دامن میں ایشیا کا سب سے بڑا باغِ گلِ لالہ اس برس مختلف اَقسام کے 17 لاکھ پھولوں سے کھل جائے گا اور اسے 23 ؍مارچ کو سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فلوریکلچر کے متعلقہ آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ آن لائن ٹکٹنگ کی سہولیت فراہم کریں اور سیاحوں کی سہولیت کے لئے مختلف مقامات پر کیو آر کوڈ سکیننگ کی سہولیت فراہم کریں۔اُنہوں نے اس جگہ کی بصری رونق کو بڑھانے کے لئے رنگ برنگی روشنیوں کو لگانے کابھی حکم دیا۔مزید برآں، اُنہوں نے ایس ایم سی کو باغ میں صفائی ستھرائی اور صفائی مہم چلانے کے ساتھ ساتھ خواتین اور مردوں کے لئے جگہ پر ایک علاحدہ موبائل ٹوائلٹ کی سہولیت کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کو باغ کی طرف جانے والی سڑکوں پر موجود گڑھوں کی مرمت کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ نے سیاحوں کی سہولیت کے لئے باغ میں چار کنال اِضافی پارکنگ کی جگہ کا اضافہ کیا ہے۔










