صوبائی کمشنر کشمیر نے اِنٹگریٹیڈ کنٹرول اینڈ کماند سینٹر ایچ ایم ٹی سری نگر کا دورہ کیا

کنٹرول سینٹر کے کام کاج کا جائزہ لیااور یاترا کے دوران مناسب نگرانی او رقریبی تال میل کیلئے اَفسران کو ہدایت

سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے شری اَمرناتھ جی یاترا۔2024 کے پوتر یاترا کے باضابطہ آغاز کے ساتھ ہی آج اِنٹگریٹیڈ کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر ایچ ایم ٹی سری نگر کا دورہ کیا تاکہ یاترا کے اَحسن اور کامیاب اِنعقاد میں مدد کے لئے سینٹر کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے اَپنے دورے کے دوران افسروں اور ملازمین کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی اور یاتریوں کے آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کی طرف سے تیاریوں کے بارے میں دریافت کیا۔اُنہوں نے نامزد افسروںکو ہدایت دی کہ وہ بیس کیمپوں میں اَپنے محکموں کی لاجسٹکس اور ذمہ داریوں سے خود کو باخبر رکھیں تاکہ عقیدتمندوں کو باقاعدگی سے اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔صوبائی کمشنر نے پوترگپھا کے دونوں محوروں کی مناسب نگرانی کے سلسلے میں متعلقہ افسروںکو ہدایت دی کہ وہ یاترا قافلوں کی روانی کے علاوہ بیس کیمپوں سمیت دیگر اِداروں پربھی کڑی نظر رکھیں۔اُنہوں نے امرناتھ یاترا کے دوران کسی بھی صورتحال یا آفت کا مقابلہ کرنے کے لئے ریسکیو آپریشن کے لئے فوری ردِّعمل کے ذریعے تمام افسران سے کہا کہ وہ خطرات کے اثرات کو کم کرنے کے لئے اَپنے جوانوں ، مشینری اور لاجسٹکس کو سٹینڈ بائی حالت میں رکھیں۔اُنہوں نے خدمات کو مؤثر طریقے سے فراہم کرنے کے لئے محکموں کے درمیان قریبی تال میل اور ہم آہنگی پر زور دیا۔مزید برآں، اُنہوں نے اِنچارج آئی سی سی سی ظہور احمد ماگرے کو ہدایت دی کہ وہ کنٹرول سینٹر میں یاترا ڈیوٹی پر تعینات عملے کی تمام سہولیات کو یقینی بنائیں۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹراینمل ہسبنڈری، چیف اِنجینئر آئی اینڈ ایف سی، اے ڈی سی سری نگر، نوڈل آفیسر یاترا، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، سی آر پی ایف، پولیس، ٹریفک، سیاحت، اطلاعات، صحت، ایف سی ایس اینڈ سی اے، یو ایل بی وغیرہ کے افسران بھی موجود تھے۔